پی ایس ایل 11 کے 22ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 24 سے شکست دے دی ہے۔
پیر کو کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں 197 رنز کے تعاقب میں ملتان سلطانز مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز ہی بنا سکے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے شان مسعود 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
اس سے قبل پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے تھے جبکہ پشاور ززلمی کی جانب سے کشال مینڈس 68 رنز اور سفیان مقیم تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔
ملتان سلطانز کی اننگز
ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کے 196 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا، تاہم ٹیم مقررہ 20 اوورز میں ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور سٹیون سمتھ نے کیا، مگر صاحبزادہ فرحان 17 رنز بنا کر جلد آؤٹ ہوگئے۔ سٹیون سمتھ نے 31 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ جوش فلپ نے تیز رفتار 32 رنز بنا کر ٹیم کو اچھا سٹارٹ دینے کی کوشش کی۔
کپتان شان مسعود نے بیٹنگ کرتے ہوئے 35 رنز سکور کیے، جبکہ ایشٹن ٹرنر نے 20 رنز بنائے اور وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
درمیانی اوورز میں عارفات منہاس صرف چار رنز بنائے، جبکہ محمد نواز نے 16 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ محمد وسیم بھی چار رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
آخری اوورز میں فیصل اکرم اور پیٹر سڈل ایک ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے سفیان مقیم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ افتخار احمد اور نہید رانا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عامر جمال نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔