کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد – کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا اخراجات میں کمی , وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے بڑا اقدام ۔

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کی کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے اخراجات میں کمی اور وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے بڑا اقدام اٹھایا ہے۔ افسران کی سرکاری گاڑیوں کے فیول کوٹہ میں 50 فیصد کمی پر باضابطہ عملدرآمد کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے چیف ہیومن ریسورس آفیسر مرزا محمد نیئر نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ حکومت سندھ کی کفایت شعاری پالیسی اور مالی نظم و ضبط کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد غیر ضروری اخراجات میں کمی، سرکاری وسائل کا تحفظ اور ادارے کی مالی کارکردگی کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام سرکاری گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے فیول کوٹہ میں 50 فیصد کمی نافذ کر دی گئی ہے جو افسران، انجینئرز اور عملے کے زیر استعمال ہیں، تاہم آپریشنل گاڑیوں کو اس فیصلے سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے تاکہ شہر میں فراہمی و نکاسی آب کی خدمات بلا تعطل جاری رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف کیڈرز کے لیے مختص سرکاری گاڑیاں تاحکم ثانی گراؤنڈ رہیں گی، جبکہ واٹر کارپوریشن شہری خدمات کو متاثر کیے بغیر حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے ادارے کے مالی وسائل کے بہتر استعمال اور انتظامی اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
80 + = 89