گورنر ہاؤس لاہور میں ورلڈ ہیموفیلیا ڈے پر بلڈ ڈونر کیمپ اور آگاہی واک، گورنر پنجاب کا مریض بچوں اور ڈونرز کو خراجِ تحسین


لاہور (17 اپریل 2026ء): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی جانب سے ورلڈ ہیموفیلیا ڈے کے موقع پر گورنر ہاؤس لاہور میں سندس فاؤنڈیشن کے تعاون سے بلڈ ڈونر کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں گورنر پنجاب نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ سندس فاؤنڈیشن کے بانی و صدر یاسین خان، خالد عباس ڈار، میاں محمد اجمل، بلڈ ڈونرز، فلاحی کارکنوں اور ہیموفیلیا و تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

گورنر پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ مشکلات اور پریشانیوں میں گھرے افراد کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ایک عظیم عبادت ہے۔ انہوں نے ڈونرز اور فلاحی تنظیموں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے افراد معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ متوسط اور غریب طبقے کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھولنا ان کے لیے باعثِ خوشی اور اطمینان ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں دلی خوشی ہوتی ہے جب ایسے افراد ان سے ملنے آتے ہیں اور وہ ان کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے مریض بچوں کے لیے معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن جیسے اداروں کی سرپرستی خوش آئند اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریض بچوں کے لیے حکومتی امداد میں مزید اضافہ ناگزیر ہے تاکہ ان کے علاج میں بہتری لائی جا سکے۔

گورنر پنجاب نے حکومت پنجاب کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ صحت کی سہولیات میں بہتری کے لیے اقدامات قابلِ قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو بروقت علاج اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے اور حکومت پنجاب کا تعاون ہیموفیلیا اور تھیلیسیمیا کے مریضوں کے علاج میں مثبت نتائج دے رہا ہے۔

انہوں نے پیپلز یوتھ ونگ کے نوجوانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جو ان کی درخواست پر رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے کے لیے شریک ہوئے۔

تقریب کے اختتام پر بلڈ ڈونر کی خدمات کے اعتراف میں انہیں شیلڈز پیش کی گئیں۔ اس کے بعد آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء نے ہیموفیلیا سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے شرکت کی اور بینرز و پلے کارڈز کے ذریعے آگاہی پیغام دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
7 + 3 =