جامعہ گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پرو وائس چانسلر پروفیسر سید منظور احمد نے اکادمی ادبیاتِ پاکستان کی صدر نشین، پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔

22 اپریل، اسلام آباد:

جامعہ گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پرو وائس چانسلر پروفیسر سید منظور احمد نے اکادمی ادبیاتِ پاکستان کی صدر نشین، پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات علمی و ادبی تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس موقع پر جامعہ گوادر کے انجینئر عبدالباسط بھی ہمراہ تھے ملاقات کے دوران دونوں اداروں کے مابین باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے، مشترکہ علمی و ادبی کانفرنسوں کے انعقاد، تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ اور کتب کے تبادلے جیسے اہم امور پر تفصیل سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔ فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان اقدامات سے نہ صرف علمی میدان میں بہتری آئے گی بلکہ ملک میں ادبی سرگرمیوں کو بھی نئی جہت ملے گی۔ اس موقع پر قدیم مخطوطات کی اہمیت پر بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ خصوصاً فارسی اور بلوچی مخطوطات کے تحفظ، تحقیق اور اشاعت کے امکانات پر غور کیا گیا۔ اس امر پر زور دیا گیا کہ یہ مخطوطات ہمارے تہذیبی ورثے کا قیمتی سرمایہ ہیں جن کی حفاظت اور ترویج وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بعد ازاں معزز وفد نے اکادمی میں قائم پاکستانی زبانوں کے ادبی اور لسانی عجائب گھر کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود نادر لسانی اور ادبی ذخیرے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اکادمی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ معدوم ہوتی ہوئی زبانوں سمیت تمام پاکستانی زبانوں کے تحفظ اور فروغ کے لیے ایسی کاوشیں نہایت اہم اور قابلِ تحسین ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے مستقبل میں مسلسل رابطے، مشترکہ منصوبہ بندی اور عملی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، تاکہ علمی و ادبی میدان میں پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
+ 51 = 60