
رپورٹ: واجد قریشیؔ
اسٹاک ہوم (سویڈن): شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سویڈن کے علاقے سولنٹونا میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نئے اسلامی مرکز کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ یہ مرکز سویڈن میں تنظیمی و دعوتی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج ویمن لیگ انٹرنیشنل ڈاکٹر غزالہ قادری سمیت تنظیمی قیادت نے شرکت کی، جبکہ ملک بھر سے کارکنان، وابستگان اور مختلف شعبہ جات کے نمائندگان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

افتتاح کے بعد شیخ الاسلام نے منہاج القرآن سویڈن کے عہدیداران کے ساتھ ایک اہم تربیتی و تنظیمی نشست کی، جس میں ویمن لیگ اور یوتھ لیگ سمیت مختلف فورمز کے نمائندگان شریک ہوئے۔ اس موقع پر صدر منہاج القرآن سویڈن بابر شفیع اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ذیشان عتیب نے تنظیم کی کارکردگی پر جامع رپورٹ پیش کی۔

شیخ الاسلام نے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے آئندہ کے اہداف کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی۔ تقریب کے دوران نمایاں خدمات انجام دینے والے کارکنان میں شیلڈز اور اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نیک اور صالح جماعت سے وابستگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایمان کے تحفظ کے لیے اجتماعی نظام ناگزیر ہے، کیونکہ تنہا فرد آسانی سے گمراہی کا شکار ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احادیث کی روشنی میں اللہ تعالیٰ کی حفاظت جماعت کے ساتھ وابستہ رہنے میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ اتحاد و اجتماعیت وقت کی اہم ضرورت ہے، تاہم کسی بھی تنظیم کا انتخاب اعتدال، شعور اور صداقت کی بنیاد پر ہونا چاہیے، اور اندھی تقلید سے گریز کرنا لازم ہے۔ ایسی جماعت ہی امت مسلمہ کے اتحاد اور اعتدال پسند فکر کو فروغ دے سکتی ہے۔
شیخ الاسلام نے کارکنان کو تلقین کی کہ وہ اپنی صلاحیتیں دین اور انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کریں اور اسلام کے پُرامن پیغام کو مؤثر انداز میں عام کریں۔
مقامی نمائندگان نے اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئے مرکز کا قیام اور شیخ الاسلام کی براہِ راست رہنمائی سویڈن میں تنظیم کے مشن کو مزید مضبوط بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔



































