ڈی ایس پی فیاض خان پٹھان، پنجاب پولیس کا شیر ، امن کا پیامبر

ون پوائنٹ
نوید نقوی
محکمہ تعلیم پنجاب کی طرف سے FLN کی ٹریننگ ہو رہی ہے اور تین دن کی اس ٹریننگ میں سمر کیمپ کے حوالے سے اساتذہ کو بتایا جا رہا ہے کہ کس طرح ان بچوں کو اس دورانیے میں انگیج کرنا ہے جو سکول نہیں آتے یا چھوڑ گئے ہیں، اس پروگرام کے بارے میں انشاء اللہ تعالیٰ تفصیلات لکھوں گا، فی الحال ایک ایسے پولیس آفیسر کی بہادری ، ایمانداری اور فرض شناسی کے بارے میں لکھنا چاہتا ہوں، جس کی تعریف والد محترم نے کی اور مجھے حکم دیا ، ان کو ملنا بھی ہے اور ان پر کالم بھی لکھنا ہے۔ میں نے کچھ دوستوں سے بھی ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ آف پولیس فیاض خان پٹھان صاحب کے بارے میں معلومات لیں تو سب نے متفقہ طور پر گواہی دی کہ ایمان داری اور بہادری میں آپ بے مثال ہیں۔ جہاں تعینات ہوئے ، جرائم پیشہ عناصر کیخلاف گھیرا تنگ کیا اور امن و امان قائم کر کے حکومتی رٹ مضبوط کی۔ یاد رہے کہ
معاشرے میں امن و امان کا قیام کسی بھی ریاست کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے اور اس ذمہ داری کو نبھانے والے بہادر، فرض شناس اور دیانت دار افسران قوم کا اصل سرمایہ ہوتے ہیں۔ پنجاب پولیس بالخصوص رحیم یار خان پولیس میں اگر کسی فرض شناس، نڈر اور عوام دوست شخصیت کا ذکر کیا جائے تو ڈی ایس پی فیاض خان پٹھان کا نام نمایاں نظر آتا ہے۔ وہ نہ صرف ایک بہادر پولیس آفیسر ہیں بلکہ امن، انصاف اور خدمتِ خلق کا روشن استعارہ بھی ہیں۔ ان کو بچپن سے ہی پنجاب پولیس میں شامل ہونے کا شوق تھا، وہ یکم اکتوبر 1973 میں پیدا ہوئے اور گریجویشن کرنے کے بعد بطور اسسٹنٹ سب انسپکٹر پنجاب پولیس کو 9 نومبر 1997 میں جوائن کیا۔ ان کا سفر رکا نہیں بلکہ اپنی محنت کے بل بوتے پر 2007 میں سب انسپکٹر اور پھر 2022 میں انسپکٹر کے عہدے پر فائز ہوئے۔ آپ کی اپنے پیشے سے لگن اور فرض شناسی کو دیکھتے ہوئے بنگلہ اچھا سرکل میں پانچ اپریل 2025 میں ڈی ایس پی تعینات کیا گیا۔۔ یہاں آپ نے دن رات محنت کی اور شہریوں کے مسائل حل کیے۔ آپ کی اعلیٰ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے آپ کو یکم دسمبر 2025 کو لیاقت پور ضلع رحیم یار خان میں ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ آف پولیس تعینات کیا گیا اور حال وہیں تعینات ہیں۔
ڈی ایس پی فیاض خان پٹھان نے اپنے کیریئر کے دوران ہمیشہ قانون کی بالادستی کو مقدم رکھا۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ان کی جرات مندانہ کارروائیاں، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ان کی مسلسل جدوجہد اور مظلوم افراد کو انصاف فراہم کرنے کا جذبہ انہیں دوسروں سے ممتاز بناتا ہے۔ وہ اپنے عہدے کو اختیار نہیں بلکہ خدمت کا ذریعہ سمجھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ عوامی حلقوں میں انہیں بے حد عزت اور محبت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ وہ نوجوانوں سے صرف ایک بات کہتے ہیں کہ ہمیشہ برداشت سے کام لیں اور عدم برداشت کو اپنے نزدیک نہ آنے دیں۔ وہ نوجوان پولیس آفیسرز کو بھی نصیحت کرتے ہیں کہ نفرت انسان سے نہیں ، بلکہ جرم سے کریں۔ ایک کامیاب پولیس آفیسر وہی ہوتا ہے جو عوام سے حسن سلوک کرے اور مظلوم کی داد رسی کو اپنا فرض سمجھے۔ فیاض خان پٹھان اسی اصول پر کاربند نظر آتے ہیں۔ وہ نہ صرف قانون نافذ کرتے ہیں بلکہ شہریوں کے مسائل سن کر ان کے حل کے لیے بھی سرگرم رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لیاقت پور کی عوام ان پر اعتماد کرتے ہیں اور انہیں اپنے محافظ کے طور پر دیکھتے ہیں۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ ایک اچھا پولیس آفیسر صرف مجرموں کے لیے سخت نہیں ہوتا بلکہ شہریوں کے لیے نرم دل اور ہمدرد بھی ہوتا ہے۔ ڈی ایس پی فیاض خان پٹھان اسی خوبصورت توازن کی مثال ہیں۔ وہ عوامی مسائل سنتے ہیں، ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کرتے ہیں اور نوجوان نسل کو قانون کی پاسداری کا درس دیتے ہیں۔ ان کی شخصیت میں قیادت، شرافت اور بہادری یکجا نظر آتی ہے۔ ان کے ساتھ کافی دیر موجودہ حالات خاص طور پر کچے میں رحیم یار خان پولیس کی شاندار کارکردگی پر بات ہوتی رہی، انہوں نے ایک بات کی کہ پولیس کی نظر میں ہر انسان قیمتی ہے اور پولیس کی پہلی کوشش یہی ہوتی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر سرنڈر کر دیں تاکہ ان کو قانون کے مطابق اپنے دفاع کا موقع دیا جائے، یہی وجہ ہے کہ کچے کے سینکڑوں ڈاکو رحیم یار خان پولیس کے آگے سرنڈر ہو چکے ہیں۔ پنجاب پولیس کو ایسے افسران پر فخر ہے جو وردی کا حق ادا کرتے ہیں۔ ڈی ایس پی فیاض خان پٹھان نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، ایمانداری اور جرأت سے ثابت کیا کہ اگر نیت صاف ہو تو ایک آفیسر پورے علاقے کا ماحول بدل سکتا ہے۔ ان کی کوششوں سے کئی علاقوں میں امن قائم ہوا، جرائم میں کمی آئی اور عوام کا اعتماد بحال ہوا۔ وہ جب سے لیاقت پور میں تعینات ہوئے ہیں جرائم نہ ہونے کے برابر ہیں اور پولیس کے موثر گشت اور فعالیت کی وجہ سے امن و امان بحال ہو چکا ہے۔
آج جب معاشرہ بے شمار چیلنجز سے دوچار ہے، ایسے وقت میں فیاض خان پٹھان جیسے افسران امید کی کرن ہیں۔ وہ نوجوان پولیس اہلکاروں کے لیے رول ماڈل اور عوام کے لیے اعتماد کی علامت ہیں۔ ان کی خدمات اس بات کا ثبوت ہیں کہ سچی لگن، محنت اور دیانت داری سے ہر میدان میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ ڈی ایس پی فیاض خان پٹھان واقعی پنجاب پولیس کا شیر اور امن کا پیامبر ہیں۔ قوم کو ایسے بہادر سپوتوں پر ناز ہے جو دن رات اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر عوام کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل رہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں مزید کامیابیاں عطا فرمائے اور ہمیشہ اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ آمین

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
− 3 = 1