
(رپورٹ محمد عامر صدیق ویانا) امام سجاد اسلامک سینٹر ویانا میں پاکستان کے ممتاز دینی اسکالر، وکیلِ مطلق مرجعِ عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی اور مولانا انور علی نجفی جو کہ اِن دنوں یورپ کے تبلیغی دورے پر ہیں، جہاں وہ مختلف اسلامی مراکز، دینی اداروں اور مومنین کی اجتماعات سے خطاب کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں مولانا انور علی نجفی نے خصوصی طور پر ویانا میں قائم معروف دینی ادارے امام سجاد اسلامک سنٹر کا دو روزہ دورہ کیا، جہاں مومنین و محبانِ اہل بیتؑ نے اُن کا پُرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران ولادت باسعادت امام رضا علیہ السلام کی مناسبت سے ایک عظیم الشان محفل منعقد کی گئی، جس میں مختلف یورپی ممالک سے آئے ہوئے علماء، ذاکرین، نوجوانوں اور مومنین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ محفل سے خطاب کرتے ہوئے مو
لانا انور علی نجفی نے “فتنوں کے دور میں ہدایت کا چراغ” کے عنوان پر نہایت جامع، فکری اور بصیرت افروز خطاب فرمایا۔ مولانا انور علی نجفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور فکری انتشار، اخلاقی بحران اور دینی کمزوریوں کا دور ہے، جہاں نوجوان نسل مختلف قسم کے فتنوں اور گمراہیوں کا سامنا کر رہی ہے۔ ایسے حالات میں سیرتِ امام رضا علیہ السلام انسانیت کے لیے ہدایت، علم، صبر اور اتحاد کا روشن مینار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیتؑ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی انسان دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔

مولانا انور علی نجفی نے نوجوانوں کو خصوصی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جدید دور کے فتنوں، سوشل میڈیا کے منفی اثرات اور دینی بے راہ روی سے بچنے کے لیے قرآن و اہل بیتؑ سے مضبوط تعلق قائم کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ یورپ میں مقیم مسلمان اپنی نئی نسل کی دینی تربیت پر خصوصی توجہ دیں تاکہ اسلامی اقدار محفوظ رہ سکیں۔ خطاب کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں مومنین نے مختلف دینی، سماجی اور معاشرتی موضوعات پر سوالات کیے۔ مولانا انور علی نجفی نے انتہائی مدلل، علمی اور تسلی بخش انداز میں سوالات کے جوابات دیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔
امام سجاد اسلامک سنٹر ویانا کی انتظامیہ نے مولانا انور علی نجفی کی تشریف آوری کو یورپ میں دینی بیداری اور فکری رہنمائی کے لیے اہم قرار دیا۔ پروگرام کے اختتام پر عالمِ اسلام، پاکستان اور امت مسلمہ کے اتحاد و سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ واضح رہے کہ مولانا انور علی نجفی کا یورپ کا یہ تبلیغی دورہ مختلف اسلامی مراکز میں جاری ہے، جہاں وہ مومنین کی دینی و فکری رہنمائی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

















