دینِ اسلام میں علمِ دین حاصل کرنا اور اسے دوسروں تک پہنچانا ایک نہایت عظیم اور بابرکت عمل ہے۔

رپورٹ ( سعدیہ خان )دینِ اسلام میں علمِ دین حاصل کرنا اور اسے دوسروں تک پہنچانا ایک نہایت عظیم اور بابرکت عمل ہے۔ حال ہی میں سعودی عرب کے جبیل صنعتی شہر، رائل کمیشن میں واقع ایک خوبصورت اور منظم ادارے “دارالعائشہ” جانے کا اتفاق ہوا، جہاں نہ صرف قرآنِ پاک کی حفظ و تعلیم دی جاتی ہے بلکہ مخارج، تجوید، تلفظ اور درست ادائیگی پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔
دارالعائشہ کی سب سے نمایاں خصوصیت وہاں کا دوستانہ اور پُرسکون ماحول ہے۔ اساتذہ کرام، طالبات اور انتظامیہ ایک دوسرے کے ساتھ نہایت خوش اخلاقی اور تعاون کے ساتھ پیش آتے ہیں، جس کی وجہ سے طالبات بغیر کسی دباؤ اور پریشر کے بہترین انداز میں قرآنِ پاک کی تعلیم حاصل کرتی ہیں۔ یہاں تعلیم کو آسان، مؤثر اور خوشگوار بنانے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
اس ادارے کی ایک اور خوبصورت بات یہ ہے کہ یہاں صرف مقامی ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی طالبات بھی قرآنِ پاک کی تعلیم حاصل کرتی ہیں۔ امریکہ ،ہالینڈ، نائجیریا، پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش اور دیگر مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی خواتین اور بچیاں یہاں آ کر نہایت احسن انداز میں قرآنِ پاک سیکھ رہی ہیں۔ مختلف قومیتوں اور زبانوں سے تعلق رکھنے والی طالبات کا ایک جگہ قرآن کے نور سے جڑنا اس ادارے کی عالمی اور مثبت پہچان کو ظاہر کرتا ہے۔
ادارے میں جدید سہولیات کے ساتھ ساتھ پردے کا بھی بہترین انتظام موجود ہے۔ خواتین اور بچیوں کے لیے صبح اور شام کی الگ شفٹس رکھی گئی ہیں تاکہ ہر عمر کی طالبات آسانی کے ساتھ قرآنِ پاک کی تعلیم حاصل کر سکیں۔ چھوٹی بچیوں سے لے کر بڑی خواتین تک سب یہاں علمِ قرآن سے فیضیاب ہو رہی ہیں۔
دارالعائشہ کا ماحول ہر لحاظ سے صاف ستھرا، منظم اور خوشگوار محسوس ہوتا ہے۔ چاہے کلاس رومز ہوں، کینٹین ہو یا عمومی انتظامات، ہر جگہ صفائی اور بہترین ماحول نمایاں نظر آتا ہے۔ اسٹاف کا دوستانہ رویہ اس ادارے کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتا ہے۔
حال ہی میں دارالعائشہ میں منعقد ہونے والی سالانہ تقریب میں شرکت کا موقع ملا، جہاں ہر چیز کو نہایت خوبصورتی، سلیقے اور دلکشی کے ساتھ سجایا گیا تھا۔ تقریب میں قرآنِ پاک حفظ کرنے والی طالبات کو اسناد سے نوازا گیا، جبکہ طالبات نے مختلف انداز میں اپنے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی محنتوں کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کی خوبصورت سجاوٹ اور بہترین انتظامات اس بات کا واضح ثبوت تھے کہ قرآنِ پاک کی تعلیم کوئی عام تعلیم نہیں بلکہ ایک ایسی عظیم نعمت ہے جسے ہر لحاظ سے عزت، خوبصورتی اور اہتمام کے ساتھ سیکھنا اور سکھانا چاہیے۔ دارالعائشہ کی انتظامیہ نے اس ایونٹ کو نہایت منظم انداز میں کامیاب بنایا اور مستقبل میں بھی ایسے مزید پروگرامز منعقد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دارالعائشہ کی ایک اور منفرد اور قابلِ تعریف خصوصیت “زَملُ النور” جماعت ہے، جو خاص طور پر اُن نان عرب طالبات کے لیے ترتیب دی گئی ہے جو انگریزی زبان میں قرآنِ پاک کی تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ اس میں نہایت خوبصورت اور مؤثر انداز میں جدید ٹیکنالوجی اور جدید سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے قرآنِ پاک کی تعلیم دی جاتی ہے۔ ان طالبات کے لیے ایک خصوصی ٹیچر مقرر کی گئی ہیں جو انگریزی زبان میں قرآنِ پاک کے رسم الخط، مخارج، تجوید، تلفظ اور قرآن سے متعلق مختلف علوم انتہائی آسان اور بہترین انداز میں سکھاتی ہیں۔
دارالعائشہ کی کامیابی اس بات کی گواہ ہے کہ یہاں سے تعلیم حاصل کرنے والی طالبات نہ صرف اپنی عملی زندگی میں کامیاب ہو رہی ہیں بلکہ قرآن کے علم کو آگے منتقل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ادارے کو مزید ترقی عطا فرمائے اور ایسے مزید ادارے قائم ہوں جو قرآنِ پاک کی تعلیم کو خوبصورتی، محبت اور اخلاص کے ساتھ عام کریں۔ بلاشبہ دارالعائشہ ایک مثالی، بین الاقوامی اور کامیاب اسلامی تعلیمی ادارے کا
منہ بولتا ثبوت ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
+ 58 = 67