وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سندھ فوڈ اتھارٹی کو صوبے بھر میں خوراک کی حفاظت، صفائی اور حفظان صحت کے انتظامات مزید مؤثر بنانے کے لیے انسپکشنز کا عمل تیز کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سندھ فوڈ اتھارٹی کو صوبے بھر میں خوراک کی حفاظت، صفائی اور حفظان صحت کے انتظامات مزید مؤثر بنانے کے لیے انسپکشنز کا عمل تیز کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے جبکہ عید کے دنوں میں خوراک سے متعلق عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے تمام متعلقہ افسران اور ٹیمیں مکمل طور پر متحرک رہیں، صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے سندھ فوڈ اتھارٹی کے فوڈ سیفٹی آفیسرز، فوکل پرسنز اور اسپیشل ٹاسک ٹیموں کو ہدایت کی کہ عیدالاضحیٰ کے دوران ہوٹلوں، بیکریز، دودھ، مشروبات، برف، مصالحہ جات اور دیگر اشیائے خوردونوش کی تیاری و فروخت کے مراکز کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے، انہوں نے کہا کہ عید کے دنوں میں صفائی، حفظان صحت اور فوڈ سیفٹی اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ غیر معیاری اور مضر صحت خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات موصول ہوتے ہی فوری رسپانس دیا جائے اور موقع پر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔مخدوم محبوب الزمان نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ قربانی کے بعد آلائشوں، خون اور دیگر فضلے کو فوری طور پر محفوظ انداز میں ٹھکانے لگانے کے لیے شہری انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے تاکہ کسی قسم کی بدبو، تعفن یا ماحولیاتی آلودگی پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے بعد پیدا ہونے والا تعفن، مکھیاں، مچھر اور دیگر حشرات صحت عامہ کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں کیونکہ یہ جراثیم اور بیماریوں کو خوراک تک منتقل کرتے ہیں، انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گوشت اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کو ہمیشہ ڈھانپ کر رکھا جائے، قربانی کے مقامات پر جراثیم کش اسپرے اور چونے کا استعمال کیا جائے جبکہ آلائشوں کو کھلے مقامات پر پھینکنے سے گریز کیا جائے۔ صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ گندگی اور آلائشوں کے باعث پیدا ہونے والے حشرات مختلف متعدی بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں، اس لیے صفائی ستھرائی کے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کی اسپیشل ٹاسک ٹیمیں عید کے تمام دنوں میں فیلڈ میں موجود رہیں گی جبکہ تمام فوکل پرسنز ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے تاکہ خوراک کی حفاظت اور صفائی کے امور کی مؤثر نگرانی ممکن بنائی جا سکے انہوں نے مزید کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کا عملہ عید کی تعطیلات کے دوران مکمل طور پر دستیاب رہے گا اور شہری خوراک سے متعلق شکایات ہیلپ لائن نمبر 02199336112 پر درج کرا سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ عوام کو سہولت، فوری رسپانس اور محفوظ خوراک کی فراہمی سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
57 − 48 =