لاڑکانہ میں پولیو بوسٹر ڈوز (fIPV) مہم سے قبل آگاہی سیمینار، صحت ماہرین اور انتظامی افسران کی شرکت

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) لاڑکانہ میں پولیو بوسٹر ڈوز (fIPV) مہم سے قبل آگاہی سیمینار، صحت ماہرین اور انتظامی افسران کی شرکت تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں آئندہ پولیو بوسٹر ڈوز (fIPV) مہم کی تیاریوں کو مؤثر بنانے، صحت کے ماہرین کو متحرک کرنے اور مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی صحت دفتر (DHO) لاڑکانہ میں آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ پولیو بوسٹر ڈوز مہم 6 اگست سے 13 اگست 2026 تک جاری رہے گی۔سیمینار کی صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO) لاڑکانہ ڈاکٹر شوکت علی ابڑو نے کی جبکہ سیمینار میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، ماہرین اطفال (پیڈیاٹرک کنسلٹنٹس)، ضلعی انتظامیہ، یونین کونسل سطح کے افسران اور صحت کے شعبے سے وابستہ دیگر حکام نے شرکت کی۔سیمینار میں ڈاکٹر احمد علی شیخ، پروونشل ٹیکنیکل سپورٹ آفیسر، ڈاکٹر مختیار احمد چنا، DFPS/IA، ڈاکٹر راول، NSTOP آفیسر، ڈاکٹر لیاقت علی نوناری، ڈاکٹر عبدالحمید ٬ڈاکٹر عبدالحفیظ ابڑو، ڈاکٹر الطاف حسین راجڑ سمیت ضلعی اور یونین کونسل سطح کے دیگر انتظامی و صحت افسران بھی شریک ہوئے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لاڑکانہ ڈاکٹر شوکت علی ابڑو نے کہا کہ fIPV پولیو بوسٹر ڈوز مہم بچوں کو پولیو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے صحت کے ماہرین، متعلقہ افسران اور فیلڈ ٹیموں پر زور دیا کہ وہ مکمل ذمہ داری، مؤثر رابطہ کاری اور باہمی تعاون کے ساتھ مہم کو کامیاب بنائیں اور ہر اہل بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنائیں۔سیمینار کے دوران آئندہ مہم کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جن میں مہم کے مقاصد، آپریشنل تیاریاں، فیلڈ ٹیموں کی ذمہ داریاں، کمیونٹی کی آگاہی، والدین کی شمولیت اور ہر اہل بچے کو پولیو بوسٹر ڈوز کی فراہمی شامل تھی۔ شرکاء نے مہم کے دوران درپیش ممکنہ چیلنجز اور ان کے مؤثر حل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر صحت کے ماہرین اور متعلقہ حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ fIPV مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے فیلڈ ٹیموں کی مؤثر نگرانی کی جائے گی اور عوام میں پولیو سے بچاؤ کے حوالے سے بھرپور آگاہی پیدا کی جائے گی۔سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مشترکہ کوششوں، بہتر رابطہ کاری، معیاری عملدرآمد اور عوامی شمولیت کے ذریعے پولیو بوسٹر ڈوز مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے گا اور پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے قومی مقصد میں بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
57 − = 51