
Pakistan Musical Night کی رنگا رنگ تقریب، پاکستانی ثقافت کے خوبصورت رنگ نمایاں

Aarau میں پاکستان میوزیکل نائٹ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی آرٹسٹس نے اپنے بہترین فن کا مظاہرہ کر کے حاضرین کے دل جیت لیے۔ فنکاروں کی شاندار پرفارمنس نے شرکاء کو نہ صرف جھومنے بلکہ خوب داد دینے پر بھی مجبور کر دیا۔
اس میوزیکل نائٹ میں پاکستانی فیملیز نے اپنے بچوں کے ہمراہ کثیر تعداد میں شرکت کی۔ خواتین نے خوبصورت مشرقی ملبوسات زیب تن کیے ہوئے تھے، جنہیں دیکھ کر یوں محسوس ہو رہا تھا جیسے آج پاکستان کی ثقافت اور روایات دوبارہ زندہ ہو گئی ہوں۔ ہر طرف پاکستانی رنگ، ثقافت اور روایتی ماحول نمایاں نظر آ رہا تھا، جو پاکستان کی بہترین نمائندگی کر رہا تھا۔



اس فیسٹیول کا بنیادی مقصد پاکستان کے کلچر، ثقافت اور روایات کو فروغ دینا تھا تاکہ نئی نسل بھی اپنی جڑوں اور روایات سے جڑی رہے۔ پروگرام میں کھانے کا بھی بہترین انتظام کیا گیا تھا، جہاں مہمانوں کی تواضع مختلف اقسام کے لذیذ پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔



ہمارے نمائندے عمران مزمل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شرکاء کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف پاکستانی کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا سبب بنتی ہیں بلکہ نئی نسل کو اپنی ثقافت، روایات اور زبان سے جوڑے رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ شرکاء نے کہا کہ سویٹزرلینڈ میں رہتے ہوئے جب اس طرح کا پاکستانی ماحول دیکھنے کو ملتا ہے تو دل خوشی سے بھر جاتا ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہم دوبارہ اپنے وطن پاکستان پہنچ گئے ہوں۔
خواتین نے اس ایونٹ کو ایک مثبت اور فیملی فرینڈلی سرگرمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بچوں کو بھی اپنی ثقافت کو سمجھنے اور اپنانے کا موقع ملتا ہے۔ کئی شرکاء نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے ثقافتی اور خاندانی پروگرامز کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ پاکستانی کمیونٹی آپس میں جڑی رہے اور پاکستان کا مثبت تشخص مزید اجاگر ہو۔

















