
میرپورخاص
رپورٹ
تحسین احمد خان
معرکۂ حق کی شاندار کامیابی اور پہلی سالگرہ کے موقع پر حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) میرپورخاص سرکل کے سپرنٹنڈنگ انجینئر امیر احمد میمن کی جانب سے سرکل آفس میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں معرکۂ حق کی کامیابی کا کیک بھی کاٹا گیا تفصیلات کے مطابق تقریب میں ایگزیکٹو انجینئر حیسکو میرپورخاص امجد شیخ، مختلف سب ڈویژنز کے ایس ڈی اوز، واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک لیبر یونین کے عہدیداران اور حیسکو ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے بلند کیے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپرنٹنڈنگ انجینئر حیسکو میرپورخاص امیر احمد میمن نے کہا کہ پاک فوج اور دیگر مسلح افواج ملک کی سلامتی، بقا اور خودمختاری کی ضامن ہیں، جبکہ بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہماری افواج ہر وقت چوکس اور تیار رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے لیے پاک فوج کی قربانیاں لازوال ہیں اور شہداء کے خون سے یہ سرزمین ہمیشہ سرسبز و شاداب رہے گی انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں کامیابی پاکستان کی بہادر افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور بہترین حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ فیلڈ مارشل جنرل سید حافظ عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں اور بہادری کا اعتراف دنیا بھر میں کیا جا رہا ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان دنیا میں عزت، وقار اور شان کے ساتھ کھڑا ہے اور ہماری افواج نے ہر محاذ پر دشمن کے عزائم ناکام بنا کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

















