آئی سی سی بی ایس میں کوئز مقابلے میں ٹیم البیرونی کی فتح،50 ہزار اپنے نام کرلیے ٹیم الخوارزمی نے دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے20ہزار روپے کا انعام حاصل کیا

فائنل مقابلے کی تقریب سے پروفیسر اقبال چوہدری،پر وفیسر رضا شاہ، نادرہ پنجوانی اور عزیز جمال نے خطاب کیا

کراچی: جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) میں منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی کوئز مقابلے کے فائنل مرحلے میں کیمیائی و حیاتیاتی علوم سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ تعلیم کے چار طلبہ پر مشتمل ”ٹیم البیرونی“ نے کامیابی حاصل کرلی۔

ٹیم البیرونی، جس میں وحیداللہ، منیب علی، محمد اویس اور محمد شہزاد شامل تھے نے پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے50ہزار روپے کا نقد انعام اپنے نام کیا جبکہ ٹیم الخوارزمی جس میں رابعہ سلطان، اریبہ کنول، تحریم السماء اور ماریہ آفریدی شامل تھیں نے دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے20ہزار روپے کا انعام حاصل کیا۔ فاتح ٹیم نے فائنل مرحلے میں چار گروپوں پر مشتمل16طلبہ کو شکست دی۔ واضح رہے کہ آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ اس کوئز مقابلے کے ابتدائی دو مراحل میں مجموعی طور پر100طلبہ نے شرکت کی تھی۔ دیگر فائنلسٹ ٹیموں،ٹیم ابنِ سینا اورٹیم ابن الہیثم کے شرکاء میں اقصیٰ احمد، محمد کاشف، عائشہ سکندر، اسامہ بن سہیل، دلیپ کمار، احسان علی، فاطمہ زاہد اور یحییٰ سیفان احسن وہان شامل تھے۔

او آئی سی کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جبکہ حسین ابراہیم جمال فاؤنڈیشن کے چیئرمین جناب عزیز جمال، ڈاکٹر پنجوانی میموریل ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ نادرہ پنجوانی اور آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر و یونیسکو چیئر ہولڈر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے مہمانانِ اعزاز کی حیثیت سے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اقبال چوہدری نے طلبہ کے لیے اس مفید علمی پروگرام کے انعقاد پر آئی سی سی بی ایس انتظامیہ کو سراہا اور مقابلے میں شریک طلبہ کے جذبہئ علم کی تعریف کی۔ انہوں نے ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے تناظر میں ممتاز سائنسی رہنماؤں پروفیسر سلیم الزماں صدیقی اور پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمٰن کی انتھک کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے آئی سی سی بی ایس کو خطے کے ایک جدید تحقیقی ادارے کے طور پر قائم اور ترقی دی۔ انہوں نے حسین ابراہیم جمال فاؤنڈیشن اور ڈاکٹر پنجوانی میموریل ٹرسٹ کی جانب سے جامعہ کراچی میں قائم اس بین الاقوامی مرکز کی ترقی کے لیے فراہم کردہ تعاون کو بھی سراہا۔ پروفیسر رضا شاہ نے شرکاء کو آئی سی سی بی ایس کے ابتدائی دور کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز شعبہ کیمیا کے ایک کمرے سے شروع ہوا تھا اور آج خطے کے بڑے تحقیقی اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے عزیز جمال اور نادرہ پنجوانی کا شکریہ ادا کیا اور پروفیسر سلیم الزماں صدیقی اور پروفیسر عطا الرحمٰن کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ محترمہ نادرہ پنجوانی نے تعلیمی ماحول میں کوئز مقابلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں طلبہ کے علم اور ذہنی صلاحیتوں کو جِلا بخشتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئز مقابلے طلبہ میں علم، تنقیدی سوچ اور مثبت مسابقت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کو اس صحت مند علمی سرگرمی کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ عزیز جمال نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس تعلیم، تحقیق اور جستجو کی ایک شاندار روایت کا حامل ادارہ ہے، جو ایک مختصر آغاز سے ترقی کرتے ہوئے ایک بڑے تحقیقی مرکز میں تبدیل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ آئی سی سی بی ایس نے جامعہ کراچی میں ایل ای جے نینو ٹیکنالوجی سینٹر سمیت متعدد تحقیقی مراکز قائم کیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کوئز مقابلہ طلبہ میں علم اور عمدگی کے جذبے کو مزید فروغ دے گا۔ آخر میں مقابلے کے شرکاء میں اسنادتقسیم کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
76 − = 71