گھی و آئل انڈسٹری کو درپیش چیلنجز، پالیسی امور اور مارکیٹ صورتحال پر تفصیلی غور

پی وی ایم اے کا جنرل باڈی اجلاس چیئرمین شیخ عمر ریحان کی زیر صدارت میں منعقد

کراچی ( ) پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کا غیرمعمولی جنرل باڈی اجلاس چیئرمین شیخ عمر ریحان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں گھی و کوکنگ آئل انڈسٹری کو درپیش چیلنجز، حکومتی پالیسیوں، خام مال کی صورتحال، ٹیکسز، ریگولیٹری امور اور صنعت کی موجودہ معاشی صورتحال خاص طور پر مال برداری میں درپیش مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پی وی ایم اے کے سینئر وائس چیئرمین اسجد عارف، وائس چیئرمین شیخ خالد اسلام، وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے فوڈ سیکیورٹی سلمیٰ بٹ، معروف تاجر رہنما و سابق صوبائی وزیر ایس ایم تنویر سمیت ملک بھر سے صنعتکاروں اور ایسوسی ایشن کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں انڈسٹری سے متعلق مختلف ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی غور کیا گیا اور مستقبل کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین پی وی ایم اے شیخ عمر ریحان نے کہا کہ گھی اور کوکنگ آئل انڈسٹری ملک کی فوڈ سپلائی چین کا ایک اہم ستون ہے، تاہم موجودہ معاشی حالات، بڑھتی پیداواری لاگت، درآمدی خام مال کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، پیٹرولیم مصنوعات میں مسلسل ردوبدل سے مال برداری کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث پیش آنے والی مشکلات اور مختلف ریگولیٹری مسائل کے باعث صنعت شدید دباؤ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم کرنے کیلئے حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ اور مؤثر پالیسی سازی ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صنعت معیاری اور محفوظ اشیائے خورونوش کی فراہمی کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے، تاہم کاروباری لاگت میں مسلسل اضافے اور پالیسی عدم استحکام کے باعث صنعتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ چیئرمین پی وی ایم اے کا کہنا تھا کہ اگر صنعت کو سازگار ماحول فراہم کیا جائے تو نہ صرف سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی برائے فوڈ سیکیورٹی سلمیٰ بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی واضح پالیسی ہے کہ انڈسٹریلازیشن کو فروغ دیا جائے اور کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرکے معیشت کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب فوڈ سیکیورٹی، معیاری خوراک اور فوڈ انڈسٹری کی ترقی کیلئے نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ صنعتکاروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر متعلقہ فورمز تک پہنچایا جائے گا تاکہ کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ پاکستان کی صنعتی ترقی کیلئے پالیسیوں میں تسلسل، کاروبار دوست ماحول اور صنعتکاروں کے اعتماد کی بحالی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل اور گھی کی صنعت ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اس شعبے کو درپیش مسائل کے حل سے سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ اجلاس میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی وی ایم اے صنعت کے مسائل کے حل، معیاری پیداوار کے فروغ اور صارفین کو محفوظ اشیائے خورونوش کی فراہمی کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

فوٹو کیپشن: چیئرمین پی وی ایم اے شیخ عمر ریحان وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی سلمیٰ بٹ کو گلدستہ پیش کر رہے ہیں، سینئر وائس چیئرمین اسجد عارف، وائس چیئرمین شیخ خالد اسلام و دیگر بھی موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
+ 29 = 31