مردہ جانوروں کی چربی سے تیل و گھی تیار کرنے والی غیر قانونی فیکٹری سیل، ملزمان گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان نے بھینس کالونی میں مردہ جانوروں کی چربی اور ہڈیوں سے مضر صحت تیل و گھی تیار کرنے والی غیر قانونی فیکٹری کے خلاف سندھ فوڈ اتھارٹی کی کارروائی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو سخت قانونی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور خوراک کے نام پر زہر فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ وزیر خوراک کی ہدایت پر سندھ فوڈ اتھارٹی نے بھینس کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے مردہ جانوروں کی باقیات سے غیر معیاری تیل و گھی تیار کرنے والی فیکٹری کو سیل کر دیا جبکہ موقع سے بھاری مقدار میں جانوروں کی چربی، خام مال، تیار شدہ تیل و گھی، مشینری اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران فیکٹری میں موجود ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی جانے والی کارروائی میں انکشاف ہوا کہ مذکورہ یونٹ مردہ جانوروں کی ہڈیوں اور چربی کو پراسیس کرکے تیل و گھی تیار کر رہا تھا جسے مختلف ذرائع سے مارکیٹ میں سپلائی کیے جانے کا خدشہ تھا۔ حکام کے مطابق فیکٹری میں حفظان صحت کے اصولوں کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا تھا اور انتہائی غیر معیاری ماحول میں تیار کی جانے والی مصنوعات انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن چکی تھیں۔ صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ مردہ جانوروں کی چربی سے تیار کردہ تیل و گھی انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہیں اور ایسے عناصر دراصل شہریوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ صوبے بھر میں غیر معیاری، مضر صحت اور غیر قانونی فوڈ یونٹس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کسی بھی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے۔ وزیر خوراک نے بتایا کہ کارروائی کے بعد سندھ فوڈ اتھارٹی کی مدعیت میں تھانہ سکھن میں ایف آئی آر نمبر 356/2026 درج کر لی گئی ہے جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس غیر قانونی نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی صحت حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں کریک ڈاؤن مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کے حکام کے مطابق کارروائی کے دوران حاصل کیے گئے نمونے لیبارٹری تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ ضبط شدہ سامان کو مزید قانونی کارروائی مکمل ہونے تک تحویل میں رکھا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
81 − 78 =