ڈاکٹر عشرت العباد خان کا یومِ عاشور پر بہترین سیکیورٹی انتظامات، بین المسالک ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو خراجِ تحسین
امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیاں حق، صبر، استقامت اور اسلام کی سربلندی کا لازوال پیغام ہیں، ڈاکٹر عشرت العباد
ایم پی پی کے مرکزی انچارج نہال احمد صدیقی، عہدیداران، ٹاؤنز، یوسیز اور آرگنائزنگ کمیٹیوں کو مبارکباد
اتحاد، رواداری اور حب الوطنی کے جذبے سے پاکستان کو مزید مضبوط اور مستحکم ریاست بنایا جا سکتا ہے
کراچی (ایم پی پی میڈیا سیل / اسٹاف رپورٹر)
سابق گورنر سندھ، نشانِ امتیاز، روحِ رواں میری پہچان پاکستان (MPP) ڈاکٹر عشرت العباد خان نے یومِ عاشورِ محرم کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات، عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور جلوسوں و مجالس کے پرامن انعقاد کو سراہتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں، انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیاں اسلام کی سربلندی، حق و صداقت، صبر، استقامت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا ابدی درس دیتی ہیں۔ واقعۂ کربلا پوری انسانیت کے لیے ایثار، قربانی، عدل، انصاف اور انسانیت کی خدمت کا روشن مینار ہے جس کی روشنی قیامت تک نسلوں کی رہنمائی کرتی رہے گی۔
ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مختلف مکاتبِ فکر کے افراد نے جس مذہبی رواداری، احترام اور بین المسالک ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا وہ قومی یکجہتی اور بھائی چارے کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی، برداشت اور باہمی احترام کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہی پیغام امام حسینؓ کی تعلیمات اور شہدائے کربلا کی قربانیوں سے حاصل ہوتا ہے۔
انہوں نے ملک بھر میں میری پہچان پاکستان (MPP) کے عہدیداران، ٹاؤنز، یوسیز اور آرگنائزنگ کمیٹیوں کے اراکین کی مجالس اور جلوسوں میں بھرپور شرکت، عوامی خدمت اور تنظیمی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کارکنان نے نظم و ضبط، اخوت، امن اور قومی یکجہتی کے فروغ میں قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔
ڈاکٹر عشرت العباد خان نے میری پہچان پاکستان (MPP) کی مرکزی کمیٹی کے انچارج نہال احمد صدیقی، مرکزی عہدیداران، صوبائی، ضلعی، ٹاؤن اور یوسی سطح کے ذمہ داران اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے رفقاء نے محرم الحرام کے دوران ذمہ داری، نظم و ضبط اور قومی جذبے کا مثالی مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی جذبۂ ایثار، اتحاد، رواداری اور حب الوطنی کے ذریعے ملک کو ہر سطح پر مضبوط بنایا جا سکتا ہے اور پاکستان کو ایک مستحکم، ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست کے طور پر مزید آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ ہم حضرت امام حسینؓ کے فلسفۂ قربانی، حق گوئی اور اتحاد کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن و استحکام عطا فرمائے، قوم میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دے اور شہدائے کربلا کے صدقے وطنِ عزیز کو ہر قسم کے فتنوں، انتشار اور مشکلات سے محفوظ رکھے۔






































