
میرپور خاص
رپورٹ
تحسین احمد خان
ڈویزنل کمشنر جلال الدین مہر نے کہا ہے کہ اسکولوں اور کالجوں میں طلبہ و طالبات کی بہتر ذہنی و جسمانی نشو نما کے لیے فزیکل ایجوکیشن سسٹم کا فعال ہونا بہت ضروری ہے اور اسی کے تحت اسکولوں اور کالجوں میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کو بھی پروان چڑھایا جائے. یہ بات انہوں نے کمشنر کمیٹی ہال میں اسکولوں اور کالجوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے اسکولوں اور کالجوں میں فزیکل ایجوکیشن کو پروان چڑھانے کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی. انہوں نے اسکولوں اور کالجوں کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ اسکولوں اور کالجوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے سالانہ کلینڈر ترتیب دیا جائے اور اس ضمن میں ڈویژن سطح پر مختلف کھیلوں پر مشتمل اسپورٹس کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی تاکہ ڈویژن سطح پر اسکولوں اور کالجوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کروایا جا سکے. اس موقع پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر میرپورخاص واشدیو مالہی نے کہا کہ محکمہ کھیل اسکولوں اور کالجوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی. اجلاس میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکندڑی اسکولز علی خان ناریجو، ڈپٹی ڈائریکٹر پرائمری اسکولز ڈاڑھوں مل ، پبلک اسکول کی مس زم زم، کنول ناریجو، شاہد بلوچ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی.

















