عدالت سے خبر…

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے گلستان جوہر میں غیر قانونی کال سینٹر چلانے اور غیر ملکیوں سے فراڈ کے مقدمے میں ملزمان کے جسمانی
ریمانڈ میں 20 جولائی تک توسیع کردی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت کے روبرو گلستان جوہر میں غیر قانونی کال سینٹر چلانے اور غیر ملکیوں سے فراڈ کے مقدمے میں این سی سی آئی نے گرفتار ملزمان کو ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا۔ ملزمان میں حیدر عمرانی اور ایان شامل ہیں۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزمان سے برآمد ڈیوائسز سے غیر ملکی شہریوں سے مالی فراڈ کے شواہد ملے ہیں۔ ملزم ہیلتھ انشورنس کے نام پر غیر ملکی شہریوں سے فراڈ کرتے تھے۔ ملزمان سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی، مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے ملزم حیدر عمرانی اور ایان کے جسمانی ریمانڈ میں 20 جولائی تک توسیع کردی۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

========

سندھ ہائیکورٹ نے ایف بی آر کی جانب سے کمپنی کے نظر ثانی شدہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی اجازت نہ دینے سے متعلق درخواست پر ایف بی آر کا حکم کالعدم قرار دیدیا۔ ہائیکورٹ میں ایف بی آر کی جانب سے کمپنی کے نظر ثانی شدہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی اجازت نہ دینے سے متعلق درخواست کی سناعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ کمپنی نے ٹیکس سال 2019 کے انکم ٹیکس ریٹرن اگست 2020 میں جمع کروائے تھے۔ ریٹرن کے ساتھ غیر آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے منسلک کئے گئے تھے۔ کمپنی نے 2021 میں انکم ٹیکس قوانین کے تحت نظر ثانی شدہ ریٹرن جمع کروانے کی اجازت طلب کی۔ ایف بی آر نے کمپنی کے نظر ثانی شدہ ریٹرن جمع کروانے کی درخواست مسترد کردی۔ ایف بی آر نے کمپنی کیخلاف 51 کروڑ سے زائد ٹیکس واجبات کا اسسمنٹ آرڈر جاری کیا۔ ایف بی آر سے صرف آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے جمع کروانے کی اجازت طلب کی تھی۔ ایف بی آر کے وکیل نے موقف اپنایا کہ کمپنی کو شوکاز نوٹس جاری کیا جاچکا ہے۔ قوانین کے تحت کمپنی پر ٹیکس، ڈیفالٹ سرچارج اور جرمانے عائد ہونا لازمی تھے۔ عدالت نے ریمارلس دیئے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کے متعلقہ سیکشن کا اطلاق نظر ثانی شدہ ریٹرن جمع کروانے کی صورت میں ہوتا ہے۔ درخواستگزار کی درخواست مسترد ہونے کے باعث نظر ثانی شدہ ریٹرن کبھی جمع نہیں ہوئے۔ مالیاتی قوانین کی تشریح میں قانون کے واضح الفاظ کو ہی مقدم رکھا جاتا ہے۔ عدالت کسی ایسے مفہوم کا اضافہ نہیں کرسکتی جو قانون میں موجود نہ ہو۔ ایف بی آر نے درخواست مسترد کرتے ہوئے وجوہات کا تعین نہیں کیا۔ عدالت نے ایف بی آر کا حکم کالعدم قرار دیدیا۔ عدالت نے متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریوینیو کو تفصیلی وجوہات پر مبنی آرڈر جاری کرنے کا حکم دیدیا۔

======

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی نے ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کیخلاف منشیات کیس میں ریڈر کو تفتیشی افسر کیخلاف شکایت درج کرانے کا حکم دیدیا۔ کراچی سینٹرل جیل جوڈیشل کمپلیکس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت کے روبرو ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کیخلاف منشیات کیس کی سماعت ہوئی۔ مقدمے کا تفتیشی افسر انسپکٹر محمد منصور عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ انمول عرف پنکی کے مقدمے کا چالان پیش نہ کرنے پر عدالت شدید برہم ہوگئی۔ عدالت نے عدالتی عملے کو تفتیشی افسر کیخلاف شکایت درج کرانے کا حکم جاری کردیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے تفتیشی افسر نے عدالتی شوکاز نوٹس کے باوجود چالان جمع نہیں کرایا، موقع ملنے کے باوجود تفتیشی افسر نہ خود پیش ہوا نہ چالان پیش کیا نہ کوئی رپورٹ پیش کی۔ گذشتہ سماعت پر تفتیشی افسر نے عدالت سے مہلت لی تھی۔ سی ٹی ڈی کے مطابق مقدمے میں انمول عرف پنکی مفرور تھی۔ ملزمہ کا بھائی اور سہولتکار بری ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
− 1 = 7