لاڑکانہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بھارت کی مبینہ آبی جارحیت اور سندھ کے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں، بلدیاتی نمائندوں اور ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ)
لاڑکانہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بھارت کی مبینہ آبی جارحیت اور سندھ کے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں، بلدیاتی نمائندوں اور ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے دوران ’’مرسوں مرسوں، سندھو نہ ڈیسوں‘‘ اور سندھ کے آبی حقوق کے حق میں زوردار نعرے بازی کی گئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستاں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے احکامات پر پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی اپیل پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے نعرے ’’مرسوں مرسوں، سندھو نہ ڈیسوں‘‘ کی حمایت میں بھارت کی مبینہ آبی جارحیت کے خلاف لاڑکانہ میں احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا اہتمام پاکستان پیپلز پارٹی ضلع اور سٹی لاڑکانہ کی جانب سے کیا گیا جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی جناح باغ چوک پہنچی، جہاں شرکاء نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ریلی میں سابق وزیر داخلا سندھ اور رکن سندھ اسمبلی سہیل انور خان سیال کے بھائی و چیئرمین ڈڑی ٹاؤن شاہ رخ انور خان سیال، سندھ حکومت کے ترجمان اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی بلند خان جونیجو سمیت پارٹی کی ذیلی تنظیموں کے عہدیداران، کارکنان اور بلدیاتی نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پرچم، پارٹی قیادت کی تصاویر والے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جبکہ انہوں نے سندھ کے آبی حقوق کے تحفظ اور دریائے سندھ کے پانی پر سندھ کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے ساتھ ساتھ آبی وسائل کو بھی پاکستان پر دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال کرنے کی کوششیں قابلِ تشویش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دریاؤں، آبی وسائل اور قومی آبی حقوق کے تحفظ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا۔مقررین کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے واضح کر دیا ہے کہ دریائے سندھ پاکستان کا قومی اثاثہ اور سندھ کی معیشت و زندگی کا بنیادی ذریعہ ہے اس لیے اس کے پانی پر کسی بھی قسم کی مداخلت یا حق تلفی برداشت نہیں کی جائے گی۔پیپلز پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، سیاسی قیادت اور عوام قومی مفادات، ملکی خودمختاری اور آبی حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہیں۔ ’’مرسوں مرسوں، سندھو نہ ڈیسوں‘‘ کا نعرہ آج سندھ کے دریاؤں اور پانی کے تحفظ کی جدوجہد کی علامت بن چکا ہے اور سندھ کے عوام اپنے آبی وسائل کے دفاع کے لیے ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کرتے رہیں گے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی وحدت، دریائے سندھ کے پانی اور صوبے کے جائز آبی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور اس اہم قومی و صوبائی معاملے پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
2 + 4 =