
ٹھٹھہ(جے پی)ڈسٹرکٹ تاجر اتحاد ٹھٹھہ کے جنرل سیکریٹری حاجی انیس اختر میمن نے مکلی میں انیس99 سپر اسٹور پر کام کرنے والے گاؤں غلام محمد بروہی کے رہائشی نوجوان شیر علی پر مبینہ وحشیانہ تشدد کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فوری انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے بیان میں حاجی انیس اختر میمن نے کہا کہ نقاب پوش مسلح افراد کی جانب سے ایک نوجوان کو اسٹور سے گھسیٹ کر باہر نکالنا اور سرِعام تشدد کا نشانہ بنانا نہایت افسوسناک، غیر قانونی اور امن و امان کے لیے سنگین خطرہ ہے۔۔انہوں نے کہا کہ اگر واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف فوری قانونی کارروائی نہ کی گئی تو ایسے واقعات سے شہریوں اور تاجر برادری میں خوف و ہراس اور بے چینی مزید بڑھے گی۔ انہوں نے بتایا کہ شدید زخمی ہونے والے شیر علی کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال مکلی منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔۔حاجی انیس اختر میمن نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے اور آئندہ کوئی بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے یا اس نوعیت کی کارروائی کرنے کی جرات نہ کرے۔ ڈسٹرکٹ تاجر اتحاد ٹھٹھہ نے متاثرہ خاندان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام، ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔




































