ترکیہ کے استنبول بار ایسوسی ایشن نمبر 2 کے اعلیٰ سطح کے وفد کا کراچی پریس کلب کا دورہ


پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قانونی و صحافتی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ، غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قانونی، عدالتی اور پیشہ ورانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے استنبول بار ایسوسی ایشن نمبر 2 (Istanbul Bar Association No. 2) کے اعلیٰ سطح کے وفد نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران کراچی پریس کلب کا دورہ کیا، جہاں ان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔وفد کی قیادت استنبول بار ایسوسی ایشن نمبر 2 کے صدر ایڈووکیٹ یاسین شاملی (Yasin Şamlı) نے کی، جبکہ وفد میں نائب صدر ایڈووکیٹ نیازی پاکسوئے (Niyazi Paksoy)، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ نورجان یانارداغ (Nurcan Yanardağ)، خزانچی ایڈووکیٹ ایرول کیراچ (Erol Kıraç)، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان ایڈووکیٹ میندریس دمیر (Menderes Demir)، ایڈووکیٹ فاطمہ کوچ (Fatma Koç)، ایڈووکیٹ ملیک اسلام شکر (Melik İslam Şeker) اور بین الاقوامی تعلقات و مترجم مہمت اوزترک (Mehmet Öztürk) شامل تھے۔کراچی پریس کلب آمد پر وفد کا استقبال پریس کلب کے سابق سیکرٹری عامر لطیف، سابق سیکرٹری مقصود یوسفی، سابق صدر و سیکرٹری اور کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر طاہر حسن خان، کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے دستور) کے صدر نصراللہ چوہدری، سابق جوائنٹ سیکرٹری شمس کیریو، ارباب خدابخش، اسرار شیخ اور دیگر سینئر صحافیوں و عہدیداروں نے کیا۔استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے استنبول بار ایسوسی ایشن نمبر 2 کے صدر ایڈووکیٹ یاسین شاملی نے کہا کہ استنبول بار ایسوسی ایشن نے دنیا کے مختلف ممالک کی بار ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر غزہ میں جاری قتلِ عام، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور فلسطینی عوام پر مظالم کے خلاف مؤثر قانونی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔ اس عالمی قانونی مہم کو اہم کامیابیاں بھی حاصل ہوئی ہیں اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سمیت دیگر اسرائیلی وزراء کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں، جو عالمی انصاف کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فلسطینی عوام کو انصاف کی فراہمی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے یہ جدوجہد مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے وکلاء، قانونی ادارے اور صحافتی تنظیمیں باہمی تعاون، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ تربیتی پروگراموں کے ذریعے تعلقات کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔تقریب کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قانونی و صحافتی شعبوں میں تعاون، اظہارِ رائے کی آزادی، قانونی اصلاحات، عدالتی نظام، پیشہ ورانہ تربیت اور دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان روابط کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اس سے قبل استنبول بار ایسوسی ایشن کے وفد نے پاکستان بار کونسل، سندھ بار کونسل، پنجاب بار کونسل، لاہور ہائی کورٹ، لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس سمیت دیگر اہم قانونی اداروں کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان کے عدالتی نظام، بار کونسلز کے انتظامی امور، قانونی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔دورے کے اہم مرحلے میں پاکستان اور ترکیہ کے وکلاء کے درمیان یادداشتِ مفاہمت (MoU) پر بھی دستخط کیے گئے، جس کے تحت قانونی تعاون، مشترکہ تربیتی پروگرام، تحقیقی سرگرمیوں، قانونی تعلیم، تجربات کے تبادلے اور دونوں ممالک کے درمیان پیشہ ورانہ روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔تقریب کے اختتام پر کراچی پریس کلب کی جانب سے استنبول بار ایسوسی ایشن نمبر 2 کے وفد کو سندھ کی ثقافت کی خوبصورت علامت روایتی اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا، جس پر ترک مہمانوں نے دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی عوام، وکلاء اور صحافی برادری کی گرمجوش مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں ممالک کے نمائندوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں مشترکہ کانفرنسوں، سیمینارز، تربیتی ورکشاپس، وفود کے تبادلوں اور تحقیقی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قانونی، صحافتی اور پیشہ ورانہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔
عبدالرحمن

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
11 − = 8