ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کے ایک نئے سلسلے کا آج سے آغاز متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے سندھ، پنجاب اور دیگر علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ شمال مغربی سمت میں منتقل ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں سندھ کے مختلف اضلاع میں آج سے 15 ستمبر تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں بارش متوقع ہے، جبکہ 14 اور 15 ستمبر کو سانگھڑ، حیدرآباد، خیرپور، شہید بینظیر آباد اور جامشورو میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی میں 14 سے 16 ستمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بارش سے موسم میں بہتری آنے کا امکان ہے، تاہم بعض علاقوں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں مون سون کے نویں اور آخری اسپیل کے آج سے شروع ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 12 سے 17 ستمبر کے دوران لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، جہلم، اٹک اور دیگر اضلاع میں بارش ہوسکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور تیز ہواؤں، شہری سیلاب اور دیگر ممکنہ موسمی خطرات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔




































