سود خور پولیس اہلکار کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف ریٹائرڈ پرائمری استاد آبدیدہ ہو گئے،

میرپورخاص
رپورٹ
تحسین احمد خان
سود خور پولیس اہلکار کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف ریٹائرڈ پرائمری استاد آبدیدہ ہو گئے، کہا کہ مجھے اس قدر ٹارچر کیا جا رہا ہے کہ خودکشی پر مجبور ہوں میرپورخاص کے علاقے سومرا پاڑا کے رہائشی ریٹائرڈ پرائمری استاد عبدالمجید سومرو اپنے رشتہ دار الطاف سومرو کے ہمراہ پریس کلب پہنچے جہاں انہوں نے زار و قطار روتے ہوئے بتایا کہ مالی مجبوری کے باعث دو سال قبل پولیس اہلکار صابر زمان سے 2 لاکھ 70 ہزار روپے سود پر قرض لیا تھا بطور ضمانت مذکورہ اہلکار نے ان سے چیک بک اور اے ٹی ایم کارڈ لے لیا جس کے بعد وہ ماہانہ 33 ہزار روپے ادا کرتے رہے اور اب تک مجموعی طور پر 5 لاکھ 94 ہزار روپے ادا کر چکے ہیں تاہم چیک بک واپس مانگنے پر مزید رقم کا مطالبہ کیا جا رہا ہے عبدالمجید سومرو کے مطابق مذکورہ پولیس اہلکار منشیات فروشوں سے بھی ماہانہ بھتہ وصول کرتا ہے انہوں نے الزام لگایا کہ چند روز قبل وہ نشے کی حالت میں اپنے ساتھیوں سمیت ان کے گھر میں داخل ہوا گالم گلوچ کی اور انہیں مختلف طریقوں سے بلیک میل اور ہراساں کر رہا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس اہلکار نے ان کی چیک بک سے مختلف افراد کو لاکھوں روپے کے چیک بھی جاری کیے ہیں اور انہیں دھمکیاں دے رہا ہے کہ ضلع کے مختلف تھانوں میں ان کے خلاف مقدمات درج کروا دے گا متاثرہ استاد نے کہا کہ وہ اس حوالے سے ایس ایس پی میرپورخاص کو بھی درخواست دے چکے ہیں مگر انہیں شدید ذہنی اذیت کا سامنا ہے اور وہ خودکشی تک پر مجبور ہو رہے ہیں انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ سود خور پولیس اہلکار کے خلاف فوری کارروائی کر کے انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
26 − 24 =