
ڈاکٹر سلیم الزّمان صدیقی کی 32ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی
مرحوم کی قبر پرادارے کے اساتذہ اوراسٹاف کی فاتحہ خوانی، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کا بیان
مرحوم پروفیسر سائنسدان،فلسفی، فنکار، شاعر،ادبی نقاد اور کئی زبانوں کے ماہر تھے؛ پروفیسر رضاشاہ
کراچی:۔ جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) میں ممتاز پاکستانی سائنسدان، ماہر تعلیم اور دانشور پروفیسر ڈاکٹر سلیم الزمان صدیقی کی32ویں برسی منگل(14اپریل) کو عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔
آئی سی سی بی ایس کے ترجمان کے مطابق، مرحوم پروفیسر صدیقی کے ایصالِ ثواب کے لیے بین الاقوامی مرکز میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے سینئر اساتذہ اور عملے کے ہمراہ، بشمول پروفیسر ڈاکٹر سید عابد علی، پروفیسر ڈاکٹر سید غلام مشرف، پروفیسر ڈاکٹر ظہیر الحق، پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد، ڈاکٹر الماس جبین، ڈاکٹر صوبیہ رانا اور ڈاکٹر شکیل، مرحوم کی قبر پر فاتحہ خوانی کی۔ پروفیسر رضا شاہ نے پروفیسر صدیقی کی شاندار علمی و سائنسی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سائنس، ادب اور فنون کے میدان میں ان کی غیر معمولی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم کو ایک نادر ہمہ جہت شخصیت قرار دیا جو قدرتی اور سماجی علوم کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتے تھے۔ انھوں نے کہا وہ نہ صرف ایک ممتاز سائنسدان تھے بلکہ ایک فلسفی، مصور، شاعر، نقاد اور دور اندیش مفکر بھی تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروفیسر صدیقی جامعہ کراچی میں عالمی شہرت یافتہ ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری کے بانی ڈائریکٹر تھے اور پاکستان کی سائنسی اور تعلیمی ترقی کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔
میڈیا ایڈوائزر



































