
کوئٹہ: 15 اپریل 2026
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے مسلم ہینڈ کے ریجنل ہیڈ ملک نعیم کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی جس میں صوبے میں یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم، فلاح و بہبود اور ان کے روشن مستقبل کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات میں رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ بھی موجود تھے ملاقات کے دوران وفد نے بلوچستان میں جاری فلاحی و تعلیمی سرگرمیوں پر بریفنگ دی اور یتیم و نادار بچوں کے لیے معیاری تعلیمی ادارے کے قیام سمیت مختلف قابل عمل تجاویز پیش کیں اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ ایسے اداروں کا قیام نہ صرف بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرے گا بلکہ انہیں ایک محفوظ، باوقار اور سازگار تعلیمی ماحول بھی میسر آئے گا جو ان کی ہمہ جہت ترقی کے لیے ناگزیر ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم و تربیت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت فلاحی اداروں کے ساتھ مؤثر اشتراک کو فروغ دے کر ایسے پائیدار منصوبے متعارف کرائے گی جن کے ذریعے نادار بچوں کو معیاری تعلیم، بہترین تربیت اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں یتیم و مستحق بچوں کے لیے معیاری تعلیمی اداروں کے قیام کے حوالے سے نجی و فلاحی شعبے کے ساتھ شراکت داری کو وسعت دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو اس سہولت سے مستفید کیا جا سکے وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ایسے تمام اقدامات کی بھرپور سرپرستی کرے گی جو بچوں کے محفوظ مستقبل اور معاشرے کی مجموعی ترقی کا باعث بنیں اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وفد کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پیش کی گئی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لے کر قابل عمل منصوبوں کو جلد از جلد عملی شکل دی جائے وفد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے بھرپور تعاون اور مثبت پیش رفت کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی اشتراک سے فلاحی و تعلیمی منصوبوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا
کوئٹہ، 15 اپریل 2026
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے مسلم ہینڈ کے ریجنل ہیڈ ملک نعیم کی قیادت میں وفد کی ملاقات، فلاحی اور تعلیمی امور پر تبادلہ خیال
بلوچستان میں یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم، فلاح و بہبود اور بہتر مستقبل کی فراہمی کے لیے اقدامات پر تفصیلی غور
صوبے میں یتیم و مستحق بچوں کے لیے معیاری تعلیمی ادارے کے قیام سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ
وزیر اعلیٰ بلوچستان کی وفد کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی، بچوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بھرپور سرپرستی کا اعادہ
یتیم اور نادار بچوں کی تعلیم و تربیت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
حکومت فلاحی اداروں کے اشتراک سے ایسے منصوبے شروع کرے گی جن سے بے سہارا بچوں کو معیاری تعلیم اور بہتر مواقع میسر آئیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

















