
کراچی( )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر واٹر کارپوریشن نے شہری سہولیات کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک اور اہم پیش رفت کرتے ہوئے صدر ٹاؤن کی یونین کمیٹی 5، 6 اور 7 میں واقع طویل عرصے سے بند بلوچ پارک واٹر پمپنگ اسٹیشن کی بحالی اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کا کام تیز کر دیا۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق منصوبے کی تکمیل کے بعد واٹر پمپنگ اسٹیشن کو فعال کر دیا جائے گا


جس سے تقریباً 60 سے 70 ہزار کی آبادی پر مشتمل تین یونین کمیٹیوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا جبکہ صدر ٹاؤن کا وسیع علاقہ جو طویل عرصے سے پانی کی قلت کا شکار تھا وہاں فراہمی آب کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی۔ یاد رہے کہ مذکورہ پمپنگ اسٹیشن گزشتہ عرصے سے غیر فعال تھی جبکہ موٹریں، کیبلز اور دیگر آلات خراب ہو چکے تھے اور عمارت خستہ حالی کا شکار تھی تاہم موجودہ بلدیاتی قیادت اور واٹر کارپوریشن کے متحرک کردار کے باعث اس اہم عوامی منصوبے کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے گئے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی اور سی او او انجینئر اسداللہ خان کے دورے کے بعد جاری ہدایات کی روشنی میں پمپنگ اسٹیشن کی عمارت کی
مکمل بحالی کے ساتھ ساتھ مشینری کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ شہری حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے شہر میں بہتری اور ترقی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔



































