
لاڑکانہ(بیورورپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کی ضلعی قیادت کی جانب سے سندھ سولر ہاؤسنگ سسٹم فیز ٹو کے سلسلے میں سرسو کے تعاون سے ضلع کے 10 ہزار مستحق افراد میں سولر سسٹم تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ طارق منظور چانڈیو، پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کے صدر ایم این اے خورشید احمد جونیجو، ایم این اے نظیر احمد بگھیو، پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ سندھ کی ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری ندا کھوڑو، ایم پی اے سہیل انور سیال، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل لاڑکانہ اعجاز احمد لغاری، میئر لاڑکانہ ایڈووکیٹ انور علی لہر، پیپلز پارٹی تعلقہ باقراںی کے صدر طارق انور سیال، چیئرمین دڑی ٹاؤن شاہ رخ انور سیال، ڈاکٹر سکینہ گاد، محمد علی بگھیو سمیت پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندوں اور رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ سال 2022 کی سیلابی تباہی کے بعد لاکھوں لوگوں کی بحالی ایک مشکل مرحلہ تھا، مگر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری اور ایم پی اے فریال تالپور کی کوششوں سے لاکھوں افراد کی بحالی ممکن ہوئی، جن کے لیے اب تک 21 لاکھ گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں اور اب ان گھروں کو سولرائز کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کی زندگیوں میں روشنی، امید اور بہتری لانے کی کوشش کررہے ہیں، اس منصوبے کے تحت 2 لاکھ 75 ہزار افراد کو سولر سسٹم فراہم کیے جا رہے ہیں، جن کے گھر کئی سالوں سے بجلی سے محروم تھے، یہ صرف بجلی کا منصوبہ نہیں بلکہ خودمختاری کا منصوبہ ہے، ہماری پارٹی اپنے منشور میں کیے گئے وعدوں کو پورا کرتی ہے اور آئندہ بھی ایسے منصوبے لاتی رہے گی تاکہ عوام کی زندگی میں بہتری آسکے، تقریب کے دوران مستحق افراد میں سولر سسٹم بھی تقسیم کیے گئے۔




































