
میرپورخاص
رپورٹ
تحسین احمد خان
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی قیادت میں محکمہ بااختیارِ معذور افراد (DEPD) کے اشتراک سے چیف منسٹر ہاؤس سندھ میں معذور افراد کیلئےط معاون آلات کے چیکس کی تقسیم کی ایک باوقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب کا مقصد معذور افراد کو سہولیات فراہم کرنا ان کی خودمختاری کو فروغ دینا اور معاشرے میں ان کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنانا تھا، جبکہ یہ اقدام حکومتِ سندھ کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ تمام شہریوں کو مساوی مواقع فراہم کرے اور پسماندہ طبقات کو بااختیار بنائے۔تقریب میں میرپورخاص اسپیشل سپورٹس اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن (MSSWA) / گلستانِ معذورین میرپورخاص کا ایک وفد بھی شریک ہوا جس کی قیادت صدر قمرالدین ملک نے کی- جبکہ وفد میں صلاح الدین، جمعہ خان،جے رام اور فیصل بروہی شامل تھے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ تھے جبکہ میزبانی سیکریٹری محکمہ بااختیارِ معذور افراد طحٰہ احمد فاروقی نے انجام دی۔ اس موقع پر شرکاء نے حکومتِ سندھ اور محکمہ ڈی ای پی ڈی کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات معذور افراد کی شمولیت اور بااختیاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ آفاق احمد خان، سرپرست اعلیٰ گلستانِ معذورین میرپورخاص نے کہا کہ معاون آلات کے چیکس کی فراہمی ایک قابلِ تحسین اور دوراندیش اقدام ہے جس سے معذور افراد کو روزمرہ زندگی میں سہولت، باعزت روزگار اور خودمختاری کے بہتر مواقع حاصل ہوں گے-قمرالدین ملک نے میرپورخاص کے تمام معذور افراد سے اپیل کی کہ وہ MSSWA، گلستان معذورین میرپورخاص MBBSS گاما اسٹیڈیم میں اپنی رجسٹریشن جلد مکمل کروائیں تاکہ وہ حکومتی سہولیات اور معاون آلات کے پروگرامز سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بروقت رجسٹریشن سے معذور افراد کو مالی معاونت،روزگار، تربیت اور دیگر فلاحی منصوبوں میں شمولیت کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

















