
میرپورخاص
رپورٹ
تحسین احمد خان
ضلع کونسل میرپورخاص کا اجلاس چیئرمین میر انور تالپور کی زیر صدارت ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوا اس موقع پر وائس چیئرمین میر احمد خان تالپور، ڈپٹی کمشنر نواب سمیر لغاری, چیف آفیسر ضلع کونسل سید عمران حیدر شاہ، انفورسمینٹ آفیسر اویس رضا لغاری، اور اراکین کونسل نے شرکت کی تفصیلات کے مطابق اجلاس میں رواں مالی سال کے لیے 24 کروڑ روپے لاگت کی مزید ترقیاتی اسکیمیں اتفاق رائے سے منظور کر لی گئیں اس موقع پر چیئرمین میر انور تالپور نے کہا کہ ترقیاتی کام کرانا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں تاکہ علاقوں میں بہتری آ سکے اور لوگوں کو سہولیات میسر ہو سکیں انہوں نے کہا کہ سال 26-2025 میں ضلع کونسل کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے سالانہ بجٹ میں 52 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے جس میں سے 36 کروڑ روپے کی ترقیاتی اسکیمیں مکمل کی جا چکی ہیں جس میں سے 16 کروڑ روپے موجود ہیں جبکہ 8 کروڑ روپے کانٹیجینسی اور دیگر اخراجات سے بچت کرکے مزید 24 کروڑ لاگت کی ترقیاتی اسکیمیں کونسل میں پیش کی گئیں ہیں. چئیرمین ضلع کونسل میر انور تالپور نے کہا کہ شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے تاکہ ماحول کو آلودگی سے بچایا جا سکے اس موقع پر ممبران نے مطالبہ کیا کہ لڑکیوں کے تمام اسکولوں کی چار دیواری تعمیر کرائی جائے،ڈرینج سسٹم کو بہتر کیا جائے اور نہروں پر قائم تجاوزات ہٹائی جائیں جس پر چیئرمین نے درپیش مسائل حل کرانے کا یقین دلایا۔



































