این ڈی ایف پاکستان کا عالمی یوم برائے تحفظ و صحتِ مزدوراں پر محفوظ اور جامع کام کی جگہوں کا مطالبہ


پریس ریلیز
این ڈی ایف پاکستان کا عالمی یوم برائے تحفظ و صحتِ مزدوراں پر محفوظ اور جامع کام کی جگہوں کا مطالبہ
کراچی / نوابشاہ: عالمی یوم برائے تحفظ و صحتِ مزدوراں (28 اپریل) کے موقع پر نیشنل ڈس ایبلٹی اینڈ ڈوالپمنٹ فورم (این ڈی ایف) پاکستان نے تمام افراد بالخصوص معذور افراد کے لیے محفوظ، صحت مند اور جامع کام کے ماحول کی فراہمی کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عابد لاشاری، تمغۂ امتیاز، صدر این ڈی ایف پاکستان نے کہا کہ کام کی جگہ پر تحفظ ایک بنیادی انسانی حق ہے اور اس تک رسائی ہر فرد کے لیے بلا امتیاز یقینی بنائی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کو غیر موزوں انفراسٹرکچر، مناسب سہولیات کی کمی اور آجرین میں آگاہی کے فقدان کے باعث اضافی خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شمولیت صرف رسائی تک محدود نہیں بلکہ یہ تحفظ، احترام اور مساوی شرکت کا نام ہے۔ ہمیں صرف وعدوں سے آگے بڑھ کر ایسے عملی اقدامات کرنے ہوں گے جو تمام کارکنوں، بالخصوص معذور افراد، کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوں۔
انہوں نے مزید زور دیا کہ حکومت، نجی شعبہ اور ترقیاتی شراکت داروں کو مل کر درج ذیل اقدامات کرنے ہوں گے کہ کام کی جگہوں کو محفوظ اور قابلِ رسائی بنانا
جامع روزگار پالیسیوں کو فروغ دینا، تمام کارکنوں کے لیے پیشہ ورانہ تحفظ کی تربیت فراہم کرنا
معذوری اور لیبر قوانین پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا۔ این ڈی ایف پاکستان نے پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) اور “کسی کو پیچھے نہ چھوڑیں” کے اصول کے تحت معذور افراد کے لیے جامع پالیسیوں اور اقدامات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
آخر میں، عابد لاشاری نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ عملی اقدامات کرتے ہوئے پاکستان میں کام کی جگہوں پر تحفظ، وقار اور شمولیت کے کلچر کو فروغ دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
63 + = 71