حکومت فوری طور پر سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہوں اور پنشن میں کم از کم 100 فیصد اضافہ کرے تاکہ مہنگائی کے طوفان میں پسے ہوئے مزدور خاندان کچھ سکھ کا سانس لے سکیں

میرپورخاص
رپورٹ
تحسین احمد خان
پاکستان ریلوے پریم یونین سی بی اے کے چیئرمین ضیاء الدین انصاری، صدر شیخ محمد انور، سینئر نائب صدر عبد القیوم اعوان، سیکرٹری جنرل خیر محمد تنیو، چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عاطف رزاق نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، پٹرول، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث مزدور طبقہ شدید کرب اور معاشی بدحالی کا شکار ہو چکا ہے۔ آج ملک کا محنت کش اپنے بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی، تعلیم اور علاج جیسی بنیادی ضروریات پوری کرنے سے بھی قاصر دکھائی دیتا ہے۔مہنگائی نے ہر شے کو غریب آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا ہے۔ بجلی اور گیس کے بھاری بل، بچوں کی بڑھتی ہوئی اسکول فیسیں، مہنگا علاج اور روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں نے مزدور کے چہرے کی خوشیاں چھین لی ہیں۔ ایک طرف حکمران طبقے کو ہر قسم کی سہولیات اور مراعات میسر ہیں جبکہ دوسری طرف غریب مزدور اپنے بچوں کی بھوک، بیماری اور بے روزگاری کے ہاتھوں بے بس دکھائی دیتا ہے انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں ریلوے مزدور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں سخت گرمی، سردی اور نامساعد حالات میں بھی ریلوے ملازمین اپنی خدمات سرانجام دے کر قومی ادارے کا پہیہ رواں رکھتے ہیں، مگر افسوس کہ آج یہی مزدور سب سے زیادہ پریشانی اور محرومی کا شکار ہیں انہوں نے کہا کہ بجٹ قریب آ چکا ہے، لہٰذا حکومت فوری طور پر سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہوں اور پنشن میں کم از کم 100 فیصد اضافہ کرے تاکہ مہنگائی کے طوفان میں پسے ہوئے مزدور خاندان کچھ سکھ کا سانس لے سکیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان ریلوے کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی فوری ادائیگی کے لیے 15 ارب روپے کا خصوصی بیل آؤٹ پیکج دیا جائے تاکہ وہ ملازمین، جنہوں نے اپنی پوری زندگی ادارے کی خدمت میں گزار دی، بڑھاپے میں دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور نہ ہوں انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ 2019 سے بند ٹریولنگ الاؤنس (TA) کی ادائیگی فوری بحال کی جائے، ٹی ایل اے اور انویلڈ ملازمین کے بچوں اور برسوں سے خدمات سر انجام دینے والے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے مہنگائی، پٹرول، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں کمی اور مزدوروں کو ریلیف دینے کے لیے فوری اور عملی اقدامات نہ کیے تو پاکستان ریلوے پریم یونین ملک بھر میں بھرپور احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہو گی، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی انہوں نے کہا کہ مزدور صرف اپنے حق، اپنے بچوں کے مستقبل اور باعزت زندگی کا مطالبہ کر رہا ہے۔ اگر محنت کش طبقہ ہی پریشان حال اور مایوس ہو جائے تو کسی بھی قوم کی ترقی کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
− 5 = 1