
میرپورخاص (بیورو
رپورٹ
تحسین احمد خان
فخر امداد فاؤنڈیشن ہائیر سیکنڈری اسکول میرواہ گورچانی میں “معرکۂ حق، آپریشن بنیان المرصوص” کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا- جس میں طلبہ و طالبات، اساتذہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد طلبہ میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو اجاگر کرنا تھا۔تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے ملی نغمے، قومی ٹیبلوز اور مختلف خاکے پیش کیے، جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔ اس موقع پر افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے پاک فوج کی خدمات کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسکول کے پرنسپل محمد عارف بیگ نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ملکی وقار، سلامتی اور دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی جانب سے مسلط کردہ جنگ میں پاکستان کا ہر شہری، چاہے وہ بزرگ ہو یا بچہ، پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا رہا اور پوری دنیا نے بھارت کو رسوا ہوتے دیکھا۔انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں تاکہ مستقبل میں ملک و ملت کی تعمیر و ترقی، خوشحالی اور استحکام میں اہم کردار ادا کر سکیں۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، خوشحالی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔





































