
20 مئی 2026 / میڈیا سیل / ایم ڈی / سی ای او / کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے مبینہ بدعنوانی اور قواعد کی خلاف ورزی پر جمشید ٹاؤن میں تعینات بیل دار محمد جنید صدیقی کے خلاف انکوائری کمیٹی قائم کردی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی انتظامیہ نے ادارہ جاتی نظم و ضبط، شفافیت اور عوامی خدمات کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ایک ملازم کے خلاف مبینہ بدعنوانی اور قواعد کی خلاف ورزی کے معاملے پر باقاعدہ انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی جس کے چیئرمین اسد اللہ خان، ممبر مرزا محمد نیئر اور ممبر/سیکرٹری خرم شہزاد ہیں۔ ترجمان کے مطابق، جمشید ٹاؤن (واٹر) میں تعینات بیل دار محمد جنید صدیقی کے خلاف غیر مجاز سیاسی سرگرمیوں میں شرکت، ہڑتال اور عوامی خدمات میں رکاوٹ پیدا کرنے، ادارہ جاتی نظم و ضبط متاثر کرنے اور سرکاری فرائض میں مداخلت جیسے الزامات سامنے آئے ہیں۔
اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے مجاز اتھارٹی نے حقائق جاننے اور ذمہ داریوں کے تعین کے لیے تین رکنی انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی متعلقہ شواہد اور دستاویزات کا جائزہ لے گی، متعلقہ افسران اور گواہان کے بیانات ریکارڈ کرے گی اور قواعد و ضوابط کے مطابق اپنی سفارشات مقررہ مدت میں پیش کرے گی۔
ادارے کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ تمام کارروائی قانون، شفافیت اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق انجام دی جائے گی، جبکہ متعلقہ ملازم کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل حق حاصل ہوگا۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوامی خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ، بدانتظامی یا قواعد کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، اور ادارے میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
جاری کردہ: کارپوریٹ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کراچی واٹر اینڈ سیورج کارپوریشن





































