ایس ای سی پی ٹاک سیریز کا آغاز، معروف عالمی مارکیٹ اسٹریٹجسٹ کرسٹوفر ووڈ کا خصوصی خطاب

ایس ای سی پی ٹاک سیریز کا آغاز، معروف عالمی مارکیٹ اسٹریٹجسٹ کرسٹوفر ووڈ کا خصوصی خطاب

اسلام آباد، 22 مئی: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے “ایس ای سی پی ٹاک سیریز” کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد پالیسی مکالمے، مارکیٹ آگاہی، اور عالمی مالیاتی، اقتصادی، ٹیکنالوجی اور ریگولیٹری رجحانات سے متعلق علم اور تجربات کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔

اس سلسلے کے افتتاحی سیشن میں معروف عالمی مارکیٹ اسٹریٹجسٹ کرسٹوفر ووڈ نے خطاب کیا۔ انہوں نے عالمی اقتصادی رجحانات، ابھرتی ہوئی معیشتوں، سرمایہ کاروں کے رویوں، اور جغرافیائی و اقتصادی تبدیلیوں کے تناظر میں کیپٹل مارکیٹس کے مستقبل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سیشن میں ایس ای سی پی کے کمشنرز، سینئر افسران، کیپٹل مارکیٹ سے وابستہ ماہرین، اور ایس ای سی پی کے افسران و ملازمین نے شرکت کی۔ شرکاء نے سرمایہ کاری کے رجحانات، مانیٹری پالیسی، ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے کردار، اور عالمی مالیاتی نظام میں ابھرتی ہوئی معیشتوں کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر ایس ای سی پی کمشنر علی فرید خواجہ نے کہا کہ ایس ای سی پی ٹاک سیریز ادارے میں مسلسل سیکھنے، فکری مکالمے، اور بہتر پالیسی سازی کے فروغ کے عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں طویل المدتی ترقی کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، اور عالمی مالیاتی رجحانات سے ہم آہنگ رہنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

کرسٹوفر ووڈ نے عالمی مارکیٹ کی صورتحال، سرمایہ کاروں کے اعتماد، جغرافیائی سیاسی تبدیلیوں کے مالیاتی منڈیوں پر اثرات، اور پاکستان سمیت ابھرتی ہوئی معیشتوں کے مواقع پر بھی اظہار خیال کیا۔

ایس ای سی پی ٹاک سیریز کے تحت مستقبل میں بھی قومی و بین الاقوامی ماہرین کو مدعو کیا جائے گا تاکہ اہم اقتصادی اور ریگولیٹری امور پر مکالمے، استعداد کار میں اضافے، اور علم کے تبادلے کو فروغ دیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
− 1 = 2