پریس ریلیز
فیضانِ مدینہ میں شعبہ اسپیشل پرسنز کے سنتوں بھرے اجتماع سے نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری کا بیان
کراچی: فیضانِ مدینہ میں دعوتِ اسلامی کے شعبہ اسپیشل پرسنز کے تحت سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جس سے نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری نے خصوصی بیان فرمایا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسپیشل پرسنز بھی اللہ پاک کی ایک عظیم نعمت ہیں اور دنیا بھر میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس گھر میں اس طرح کا بچہ پیدا ہوتا ہے، وہاں اہلِ خانہ ابتدا میں شدید غم اور آزمائش کا سامنا کرتے ہیں، کیونکہ اکثر پیدائش کے وقت معذوری کا علم نہیں ہوتا اور بعد میں معلوم ہوتا ہے کہ بچہ دیکھنے، سننے یا بولنے سے محروم ہے۔
نگرانِ شوریٰ نے کہا کہ اگرچہ اسپیشل پرسنز بعض جسمانی یا حسی اعتبار سے معذور ہوتے ہیں، لیکن اللہ پاک نے انہیں بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے، جن میں سب سے بڑی نعمت ایمان ہے۔ انہوں نے حاضرین کو تلقین کی کہ اللہ پاک کی عطا کردہ نعمتوں پر شکر ادا کریں کہ وہ مسلمان ہیں، اللہ پاک کو اپنا رب، حضور نبی کریم ﷺ کو آخری نبی مانتے ہیں اور صحابۂ کرام، اہلِ بیتِ اطہار اور اولیائے کرام سے محبت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ پاک کی یہ بھی بڑی نعمت ہے کہ انسان کو بھوک لگنے پر کھانا، پیاس لگنے پر پانی اور بیماری یا تکلیف کی صورت میں ہمدردی کرنے والے افراد میسر آتے ہیں، لہٰذا ہر حال میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔
مولانا محمد عمران عطاری نے والدین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ جن کے گھروں میں اسپیشل پرسنز موجود ہوں، وہ اللہ پاک کی رضا کے لیے ان کی بہترین دیکھ بھال، شفقت اور دینی تربیت کریں، کیونکہ یہ بھی اللہ پاک کے بندے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ممکن ہے اسی خدمت اور حسنِ تربیت کے سبب اللہ پاک بے حساب جنت عطا فرما دے۔
انہوں نے بتایا کہ دعوتِ اسلامی اسپیشل پرسنز کی دینی تعلیم و تربیت کے لیے خصوصی خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے والدین کو ترغیب دی کہ وہ دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران سے رابطہ کریں تاکہ اسپیشل پرسنز کی دینی تعلیم و تربیت کا مناسب انتظام کیا جا سکے۔
نگرانِ شوریٰ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جن گھروں میں اسپیشل پرسنز موجود ہوں، اہلِ خانہ کو چاہیے کہ وہ اشاروں کی زبان (سائن لینگویج) سیکھیں تاکہ ان سے بہتر انداز میں رابطہ قائم کیا جا سکے اور ان کی خدمت و معاونت مزید مؤثر طریقے سے انجام دی جا سکے۔




































