لاڑکانہ رپورٹ محمد عاشق پٹھان
لاڑکانہ کے مارکیٹ تھانہ کی حدود میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کے دوران ایک خطرناک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چوہدری کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت رفیق چانڈیو رہائشی گاؤں علی اصحابو، ضلع قمبر شہدادکوٹ کے طور پر ہوئی ہے۔
ایس ایس پی احمد فیصل چوہدری نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو مختلف اضلاع میں قتل، اقدامِ قتل، پولیس پر حملوں اور دیگر سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ انہوں نے کہا کہ رفیق چانڈیو پولیس اہلکار مجیب الرحمٰن سولنگی کو شہید اور پولیس اہلکار نعمت اللہ میمن کو زخمی کرنے والے مقدمے کا مرکزی ملزم بھی تھا، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس کو کافی عرصے سے تلاش تھی۔ایس ایس پی کے مطابق ملزم کی جانب سے پولیس پارٹی پر فائرنگ کیے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کے پاس موجود ہے، جو اس کے جرائم میں ملوث ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ احمد فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون سے فرار کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی بھی مجرم کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔







































