فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والے حقیقت سے ناواقف ہیں، میجر (ر) سید اظہر فخرالدین سرخیاں

پاک فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والے حقیقت سے ناواقف ہیں، میجر (ر) سید اظہر فخرالدین

سرخیاں

پاک فوج کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، میجر (ر) سید اظہر فخرالدین

فوجی جوان قوم کے امن، عزت اور مستقبل کے محافظ ہیں، رہنما ایم پی پی

شہداء اور غازی قوم کا فخر، ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں

دشمن کا بیانیہ اپنانے والے تاریخ اور قربانی کے مفہوم سے ناواقف ہیں

پاکستان پائندہ باد، پاک فوج زندہ باد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)

میری پہچان پاکستان (MPP) کی ایڈوائزری کونسل کے رکن، سینئر رہنما، سابق اسکواڈرن لیڈر اور میجر (ر) سید اظہر فخرالدین نے کہا ہے کہ پاک فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والے عناصر درحقیقت قربانی، حب الوطنی اور قومی سلامتی کے تقاضوں سے ناواقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسے لوگ سرحدوں پر وطن کی خاطر ڈیوٹی انجام دینے والے جوانوں کی مشکلات، قربانیوں اور شہادتوں کو سمجھ سکیں تو انہیں پاک فوج کی قدر و منزلت کا حقیقی احساس ہو جائے۔

اپنے ایک بیان میں سید اظہر فخرالدین نے کہا کہ پاکستان کے بہادر فوجی جوان شدید سردی، سخت گرمی، دشوار گزار پہاڑوں اور تاریک راتوں میں ملکی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں تاکہ قوم امن اور سکون کے ساتھ اپنی زندگیاں گزار سکے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے محافظ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں، اپنے بچوں کو یتیم اور اہل خانہ کو اپنے پیاروں سے محروم کر دیتے ہیں، مگر مادرِ وطن کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی ہی فوج کی ناکامی کے خواب دیکھنے والے دراصل شرپسند سوچ کے اسیر ہوتے ہیں۔ ایسے عناصر نہ صرف قومی یکجہتی کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ دشمن کے بیانیے کو تقویت دینے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ ہمیشہ ان لوگوں کو عزت اور احترام دیتی ہے جو وطن کی خاطر قربانیاں دیتے ہیں، جبکہ نفرت اور انتشار پھیلانے والے وقت کے ساتھ بے نقاب ہو جاتے ہیں۔

میجر (ر) سید اظہر فخرالدین نے کہا کہ شہداء کا لہو اس وطن کی بنیادوں کو مضبوط بناتا ہے جبکہ غازیوں کی جرات، استقامت اور بہادری پوری قوم کے لیے فخر اور حوصلے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میری پہچان پاکستان (MPP) ملکی سلامتی، قومی وحدت اور پاکستان کے دفاع کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔

پاکستان پائندہ باد۔
پاک فوج زندہ باد۔ 🇵🇰

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
57 − = 50