واٹر کارپوریشن نے مون سون سے قبل صفورا ٹاؤن اور مہران ٹاؤن میں سیوریج کے اہم منصوبے مکمل کر لیے.

واٹر کارپوریشن نے مون سون سے قبل صفورا ٹاؤن اور مہران ٹاؤن میں سیوریج کے اہم منصوبے مکمل کر لیے.

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے مون سون بارشوں سے قبل شہر میں نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے سیوریج انفراسٹرکچر کی بحالی، صفائی اور مرمت کے کاموں میں تیزی لاتے ہوئے صفورا ٹاؤن اور مہران ٹاؤن میں اہم منصوبے مکمل کر لیے۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایت پر صفورا ٹاؤن، اسکیم 33 میں یونیورسٹی وال کے سامنے، دی ایجوکیٹر اسکول کے بالمقابل 60 انچ قطر کی مین ٹرنک سیوریج لائن کی تبدیلی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس منصوبے سے مدارس چوک کے دونوں اطراف، سچل گوٹھ، مخدوم بلاول اور محمد خان گوٹھ میں نکاسی آب کے نظام میں بہتری آئے گی جبکہ بارشوں کے دوران پانی جمع ہونے کے امکانات میں بھی نمایاں کمی ہوگی۔ ترجمان کے مطابق مہران ٹاؤن کی 4000 روڈ پر 24 اور 18 انچ قطر کی سیوریج لائنوں کی تقریباً ساڑھے چار ہزار فٹ ونچنگ اور ڈیسلٹنگ کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس دوران لائنوں میں جمع گاد، ملبہ، پلاسٹک اور دیگر رکاوٹیں نکال کر سیوریج نظام کو بحال کیا گیا، جس سے گندے پانی کے بہاؤ میں بہتری آئی ہے۔ اس منصوبے سے مہران ٹاؤن کے مختلف سیکٹرز اور کورنگی کے بعض علاقوں میں بھی نکاسی آب کا نظام مزید بہتر ہوگا۔ ترجمان نے کہا کہ ونچنگ اور ڈیسلٹنگ سے نہ صرف سیوریج لائنوں کی استعداد اور کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ ان کی عمر بھی بڑھتی ہے، جس سے مستقبل میں مرمت اور دیکھ بھال کے اخراجات کم ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مون سون سیزن کے پیش نظر شہر کے مختلف اضلاع میں اسی نوعیت کے کام جاری ہیں تاکہ نکاسی آب کا نظام ہر ممکن حد تک فعال رکھا جا سکے۔ ترجمان واٹر کارپوریشن نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سیوریج لائنوں اور مین ہولز میں کچرا، پلاسٹک، تعمیراتی ملبہ اور دیگر ٹھوس فضلہ پھینکنے سے گریز کریں کیونکہ اس سے سیوریج لائنیں بند ہو جاتی ہیں اور نکاسی آب کا نظام متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور نکاسی آب کے مؤثر نظام کو برقرار رکھنے کے لیے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
3 + 2 =