ٹھٹھہ کے قریب جنگشاہی ریلوے اسٹیشن پر لوپ لائن میں منتقلی کے دوران کراچی سے لاہور کوئلہ لے جانے والی مال بردار ٹرین تیز رفتاری کے باعث پٹری سے اتر گئی

ٹھٹھہ (جے پی) ٹھٹھہ کے قریب جنگشاہی ریلوے اسٹیشن پر لوپ لائن میں منتقلی کے دوران کراچی سے لاہور کوئلہ لے جانے والی مال بردار ٹرین تیز رفتاری کے باعث پٹری سے اتر گئی ۔حادثے میں انجن سمیت پانچ ڈبے پٹری سے اتر کر ایک دوسرے کے اوپر الٹ گئے، جس کے باعث ریلوے ٹریک بند ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی مال بردار ٹرین کو لوپ لائن پر منتقل کیا جا رہا تھا کہ تیز رفتاری کے باعث انجن اور چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ ڈبے الٹ کر اپ لائن پر جا گرے، جس کے نتیجے میں کراچی سے پنجاب جانے والی ریلوے ٹریفک معطل ہو گئی۔حادثے کے بعد کراچی سے پنجاب جانے والی مختلف مسافر ٹرینوں کو دھابیجی، ملیر اور رن پٹیاڑی ریلوے اسٹیشنوں پر روک دیا گیا۔ خوش قسمتی سے جس وقت مال بردار ٹرین پٹری سے اتری، اس دوران کوئی دوسری ٹرین وہاں سے نہیں گزر رہی تھی، جس کے باعث جنگشاہی ریلوے اسٹیشن پر ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ ٹریک کی بحالی میں کچھ وقت لگے گا، جبکہ مرمتی ٹیم کو کراچی سے طلب کر لیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
49 − 42 =