آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اسکول آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس (SOVAPA) کی المنائی سیریز کا چھٹا تھیٹر’’دی اوڈ کپل‘‘کے چرچے

*آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اسکول آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس (SOVAPA) کی المنائی سیریز کا چھٹا تھیٹر’’دی اوڈ کپل‘‘کے چرچے*

*تھیٹر The Odd Couple میں فنکاروں کی شاندار پرفارمنس*

کراچی()آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اسکول آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس (SOVAPA) کی المنائی سیریز کے تحت پیش کیے جانے والے چھٹے تھیٹر’’دی اوڈ کپل‘‘ نے شائقینِ کے دل جیت لیے۔ معروف امریکی ڈرامہ نگار، اسکرین رائٹر اور مزاح نگار نیل سائمن کے شہرۂ آفاق ڈرامے کو بابر جمال نے پیش کیا جبکہ اس کی ہدایت کاری ارباز شیخ نے انجام دی- تقریباً ایک گھنٹہ 30 منٹ پر مشتمل یہ اردو زبان کا مزاحیہ تھیٹر اپنی منفرد کہانی، برجستہ مکالموں اور جاندار اداکاری کے باعث حاضرین کو مسلسل محظوظ کرتا رہا۔ ڈرامے کی کہانی طلاق کے بعد کی زندگی کو ایک منفرد اور مزاحیہ انداز میں پیش کرتی ہے۔ کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو علیحدگی کے بعد اپنی زندگی کو نئے سرے سے سنوارنے کی کوشش میں اپنے طلاق یافتہ بہترین دوست کے ساتھ رہائش اختیار کرتا ہے۔ دونوں کی عادات، مزاج اور طرزِ زندگی ایک دوسرے سے یکسر مختلف ہوتے ہیں، جس کے باعث روزمرہ کے معمولات دلچسپ غلط فہمیوں، مزاحیہ تنازعات اور غیر متوقع واقعات کا سلسلہ بن جاتے ہیں۔ ڈرامے میں شاندار مزاح کے ساتھ دوستی، برداشت، باہمی ہم آہنگی اور انسانی رشتوں کی خوبصورتی کو نہایت دلکش انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ تھیٹر میں اسامہ رانجھا نے گلو، اسد گوجر نے دانش، سارا تقی نے شیزا، نفیس قمر نے فضا، محمد رضا نے بابلو، حمزہ رانجھا نے پولیسیے اور عادل شاکر نے شوکت کا کردار ادا کیا۔ تمام فنکاروں نے اپنی شاندار اداکاری سے کرداروں میں جان ڈال دی اور حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔ 31جولائی سے شروع ہونے والا تھیٹر’’دی اوڈ کپل‘‘ 2 اگست تک آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اسٹوڈیو II میں کامیابی سے پیش کیا گیا۔



اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
49 + = 58