قرآن و حدیث کا جدید سائنس سے گہرا تعلق ہے، مفتی نعمان نعیم

قرآن و حدیث کا جدید سائنس سے گہرا تعلق ہے، مفتی نعمان نعیم

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں تقریبِ تقسیمِ اسنادسے مفتی نعمان نعیم اورپروفیسر رضا شاہ کا خطاب

آئی سی سی بی ایس اور جامعہ بنوریہ عالمیہ کے درمیان تعاون ایک تاریخی پیش رفت ہے

کراچی – جامعہ بنوریہ عالمیہ (جے بی اے) کے صدر ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے کہا ہے کہ قرآن مجید اور احادیثِ مبارکہ کی تعلیمات کا جدید سائنس سے گہرا تعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ بنوریہ عالمیہ اور جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) کے ذیلی ادارے حلال سرٹیفکیشن، ٹیسٹنگ اینڈ ریسرچ سروسز (ایچ سی ٹی آر ایس) کے درمیان تعاون ایک تاریخی پیش رفت ہے جو اسلام اور سائنس کے باہمی ربط کو اجاگر کرتا ہے۔

وہ ایل ای جے نیشنل سائنس انفارمیشن سینٹر، آئی سی سی بی ایس میں منعقدہ تقریبِ تقسیم اسنادسے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ میں حلال گورننس اورفقہ الحلال انڈسٹری کے ماڈیولز1،2اور3کی تخصصی اسناد تقسیم کی گئیں۔

تقریب سے آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر آئی سی سی بی ایس کے اساتذہ اور حکام بشمول انچارج ایچ سی ٹی آر ایس پروفیسر ڈاکٹر سید غلام مشرف اورجنرل منیجر ایچ سی ٹی آر ایس مفتی ڈاکٹر سید عارف علی شاہ موجود تھے۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ کی جانب سے نائب صدرشیخ فرحان سعید سمیت اساتذہ اور20مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

مفتی نعمان نعیم نے کہا کہ اسلامی تاریخ سائنسی ترقی سے گہرا تعلق رکھتی ہے اور اس نے دنیا کو ایسے ممتاز مسلم سائنس دان دیے جن میں جابر بن حیان شامل ہیں جنہیں کیمیا کا بانی یا اولین علمبردار قرار دیا جاتا ہے جبکہ محمد بن موسیٰ الخوارزمی نے علمِ الجبراکی بنیاد رکھی اور اس کی منظم تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس اور جامعہ بنوریہ عالمیہ کے درمیان یہ تعاون مذہب اور سائنس کے درمیان فاصلے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے طلبہ کے لیے مفید تعلیمی ماڈیولز کے انعقاد پر آئی سی سی بی ایس کی انتظامیہ کو سراہا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے مہمانِ خصوصی، جامعہ بنوریہ عالمیہ کے اساتذہ اور طلبہ کا آئی سی سی بی ایس میں خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس عالمِ اسلام کے نمایاں تحقیقی اداروں میں شمار ہوتا ہے اور مختلف سائنسی شعبوں میں اس کی نمایاں کامیابیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ حلال سرٹیفکیشن، ٹیسٹنگ اینڈ ریسرچ سروسز نے پاکستان میں حلال سرٹیفکیشن کے شعبے میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے اور مختلف قومی و بین الاقوامی ایکریڈیٹیشن اداروں سے اسناد حاصل کر کے ایک اہم سنگِ میل عبور کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ادارہ جانوروں سے حاصل ہونے والی غذائی مصنوعات (ذبح، گوشت اور گوشت سے تیار کردہ مصنوعات)، نباتاتی غذائیں، مشروبات، پراسیسڈ فوڈز، فوڈ سروسز، برآمد و درآمد کی لاجسٹکس، تقسیم، ریٹیل، نقل و حمل، پیکیجنگ، اسٹوریج اور معاون خدمات سمیت مختلف شعبوں میں حلال سرٹیفکیشن کی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ تقریب کے اختتام پر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے طلبہ میں مہمانِ خصوصی اور آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر نے اسناد تقسیم کیں۔

میڈیا ایڈوائزر

اپنا تبصرہ بھیجیں


Math Captcha
64 − 60 =